فضائی نگرانی کیلئے ڈرونز کا استعمال
سرینگر: ملک کے 75 ویں یوم آزادی کے پیش نظر وادی کشمیر بالخصوص سری نگر میں سیکورٹی بندوبست کو مزید سخت کر دیا گیا ہے ۔یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ سری نگر میں کئی مقامات بشمول تجارتی مراکز تاریخی لالچوک، جہانگیر چوک، بتہ مالو وغیرہ میں سیکورٹی فورسز نے ناکے لگائے ہیں جہاں لوگوں کی جامہ تلاشی کی جا رہی ہے اور ان کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے جا رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ پیدل سفر کرنے والوں کو بھی ان ناکہ پوائنٹس پر روکا جاتا ہے اور ان کی جامہ تلاشی لی جاتی ہے اور گاڑیوں خاص کر موٹر سائیکل سواروں کو بھی روکا جاتا ہے اور ان کی تلاشی اور پوچھ چھ کی جاتی ہے ۔موصوف نے کہا کہ کئی مقامات پر اضافی چیک پوائٹس قائم کئے گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق جمعرات کو سری نگر کے مضافاتی علاقہ پارمپورہ میں شہر کی طرف جانے والی گاڑیوں کو روکا گیا اور مسافروں کو نیچے اتار کر ایک ہی قطار میں کھڑا کر کے ان کی جامہ تلاشی لی گئی۔