یوم انضمام حیدرآباد اسٹیٹ تقاریب منانے کانگریس پارٹی کا فیصلہ : ریونت ریڈی

   


18 ستمبر سے منوگوڑ کی انتخابی مہم، بھارت جوڑو یاترا کے تحت راہول گاندھی کے تین جلسہ عام
حیدرآباد 12 ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے 17 ستمبر یوم انضمام حیدرآباد اسٹیٹ تقاریب منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 17 ستمبر سے ایک سالہ طویل تقاریب کے انعقاد کے سلسلہ میں صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے پارٹی قائدین سے رائے طلب کی ہے۔ گاندھی بھون میں آج پردیش کانگریس کمیٹی کی عاملہ کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں اتم کمار ریڈی، محمد علی شبیر، ڈاکٹر جے گیتا ریڈی، مہیش کمار گوڑ، انجن کمار یادو، پونالہ لکشمیا، سمپت کمار اور آر دامودر ریڈی، دامودھر راج نرسمہا،ناگم جناردھن ریڈی، ظفر جاوید، بلرام نائک، مال ریڈی رنگا ریڈی، ڈاکٹر ایم چناریڈی، مختلف اضلاع کے صدور کے علاوہ محاذی تنظیموں کے قائدین نے شرکت کی۔ اجلاس میں یوم انضمام حیدرآباد اسٹیٹ کے علاوہ منوگوڑ اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کی انتخابی مہم کا جائزہ لیا گیا۔ تلنگانہ میں راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے پروگرام کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ صدر پردیش کانگریس نے الزام عائد کیاکہ بی جے پی انضمام حیدرآباد کو عوام میں مذہبی منافرت اور سیاسی فائدے کے لئے استعمال کررہی ہے۔ مرکزی حکومت نے تلنگانہ لبریشن ڈے کے تحت ایک سالہ تقاریب کا اعلان کیا ہے تاکہ تلنگانہ میں بی جے پی کو فائدہ ہو۔ اُنھوں نے کہاکہ حیدرآباد اسٹیٹ کے انضمام کی جدوجہد سے بی جے پی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ عوام نے ڈکٹیٹرشپ کے بجائے جمہوریت کے لئے جدوجہد کی تھی اور ٹی آر ایس اور بی جے پی انضمام کی جدوجہد کا سہرا اپنے سر باندھنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ میں گاڑیوں کے رجسٹریشن کے لئے کے سی آر حکومت نے TS کو اختیار کیا ہے اور کانگریس برسر اقتدار آنے پر اِسے TG میں تبدیل کرنے کی تجویز ہے۔ اجلاس میں تجویز پیش کی گئی کہ قومی پرچم کی طرح تلنگانہ کے لئے علیحدہ پرچم تیار کیا جائے۔ ریونت ریڈی نے پارٹی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ منوگوڑ کی انتخابی مہم میں متحدہ طور پر کام کریں۔ پارٹی نے حلقہ کو 8 یونٹ میں تقسیم کرتے ہوئے سینئر قائدین کو ذمہ داری دی ہے۔ 300 پولنگ بوتھس کی نگرانی کے لئے 150 افراد کے تقرر کی تجویز ہے۔ 18 ستمبر سے انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔ اُنھوں نے بتایا کہ 24 اکٹوبر کو راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا تلنگانہ میں داخل ہوگی۔ تلنگانہ میں 15 دن تک یاترا کے ذریعہ 350 کیلو میٹر کا احاطہ کیا جائے گا۔ روزانہ ایک پارلیمانی حلقہ میں یاترا جاری رہے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ راہول گاندھی کی یاترا کے 15 دنوں میں 3 بڑے جلسہ عام منعقد کئے جائیں گے۔ مقام اور تاریخ کا بعد میں اعلان کیا جائے گا۔ ر