نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی نے آج اولمپک ڈے کے موقع پران تمام کھلاڑیوں کی تعریف کی جنہوں نے عالمی سطح پر شاندار مظاہروں کے ذریعہ ہندوستان کا نام روشن کرنے کے علاوہ قوم کا سر فخر سے اونچا کیا۔ مودی نے اپنے بیان میں مختلف ادوار میں ہندوستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ملک کیلئے فتوحات حاصل کرنے والے کھلاڑیوں پر ہندوستان کو فخر ہونے کی بات کہی۔ مودی نے اپنے ٹوئیٹ میں کہاکہ آج یوم اولمپک کے موقع پر میں ان تمام ایتھلیٹ کی ستائش کرتا ہوں جنہوں نے گذشتہ کئی برسوں کے دوران اولمپکس کے مختلف کھیلوں میں ہندوستان کی نہ صرف نمائندگی کی بلکہ اپنی محنت اور کوشش کے ذریعہ فتوحات بھی حاصل کیں۔ اولمپک میں قومی کھلاڑیوں کی فتوحات سے ملک کا نام روشن ہوا ہے اور آنے والی نسلوں کیلئے وہ مشعل راہ بھی ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب آئندہ چند ہفتوں میں ٹوکیو اولمپکس کا آغاز ہونا ہے اور ہم نے ان مقابلوں میں اپنے بہترین ایتھلیٹ کو ملک کی نمائندگی کیلئے منتخب کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ضمن میں ایک دلچسپ کوئز بھی ویب سائیٹ پر موجود ہے اور میں میرے نوجوان دوستوں سے خواہش کرتا ہوں کہ وہ اس کوئز میں حصہ لیتے ہوئے ایک دلچسپ احساس سے گزرے۔