یوم تاسیس تقاریب کو دھوکہ بازی کے 10 سال کے طور پر منانے کانگریس کا اعلان

   

22 جون کو 119 اسمبلی حلقہ جات میں احتجاجی ریالیاں، ریونت ریڈی کی پریس کانفرنس

حیدرآباد۔/18 جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے حکومت کی جانب سے منائی جانے والی 10 سالہ تلنگانہ یوم تاسیس تقاریب کو دھوکہ بازی کے 10 سال کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 22 جون کو 119 اسمبلی حلقہ جات میں احتجاج منظم کرتے ہوئے حکومت کے 10 اہم وعدوں کو عوام کے روبرو پیش کیا جائے گا جن کی تکمیل میں کے سی آر حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کے مطابق چیف منسٹر کے سی آر کے علامتی پتلے راون کی شکل میں تیار کئے جائیں گے اور 10 سَروں پر ہر ایک وعدہ تحریر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کرنے کیلئے اہم وعدوں کو عوام کے روبرو پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ گذشتہ 9 برسوں میں عوام کو کئی معاملات میں دھوکہ دیا گیا ہے لیکن کانگریس پارٹی مرحلہ وار طور پر حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری خرچ پر یوم تاسیس کو بی آر ایس حکومت اپنے کارناموں کے طور پر پیش کررہی ہے۔ سرکاری مشنری کا بیجا استعمال کرتے ہوئے دیہاتوں کی سطح تک حکومت اور پارٹی کا پرچار کیا جارہا ہے۔ عوام کو حقائق سے واقف کرانے کیلئے 22 جون کو 119 اسمبلی حلقہ جات میں احتجاجی ریالیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ آر ڈی او کے دفاتر یا ایم آر او دفاتر میں یادداشت پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کے جی تا پی جی مفت تعلیم، فیس ری ایمبرسمنٹ، بیروزگاری الاؤنس، ہر گھر کو ایک روزگار، ڈبل بیڈ روم مکانات، دلتوں کو 3 ایکر اراضی کی فراہمی، کسانوں کے قرض کی معافی، 12 فیصد مسلم تحفظات، ایس ٹی طبقہ کیلئے 12 فیصد تحفظات جیسے وعدوں کے ساتھ کے سی آر کا علامتی پتلہ نذرِ آتش کیا جائے گا۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ بی سی، خواتین، ایس سی، ایس ٹی اور اقلیتوں کیلئے علحدہ ڈیکلریشن پر بات چیت ہوئی ہے۔ بھٹی وکرامارکا کی پدیاترا جاریہ ماہ کے اختتام پر ختم ہوگی۔ اس موقع پر کھمم میں بڑے جلسہ عام کی منصوبہ بندی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی سی زمرہ کے تمام طبقات میں مختلف پیشوں سے وابستہ افراد کو ایک لاکھ روپئے کی امداد فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد بی آر ایس کے اہم قائدین کانگریس میں شمولیت اختیار کریں گے۔ انہوں نے سابق رکن پارلیمنٹ پی سرینواس ریڈی اور سابق وزیر جوپلی کرشنا راؤ کی کانگریس میں شمولیت کی توثیق کی۔ر