حیدرآباد۔تلنگانہ کا یوم تاسیس دوسرے سال بھی روایتی اور محدود انداز میں منایا جائیگا اور بڑے پیمانے پر تقریب منعقد نہیں ہوگی۔ سال گذشتہ کی طرح بغیر کسی تقریب کے یوم تاسیس منایا جائے گا ۔30مئی کو کابینہ اجلاس میں یوم تاسیس کے متعلق فیصلہ کیا جائے گا ۔ذرائع کے مطابق یوم تاسیس پر باغ عامہ میں پرچم کشائی کے علاوہ دیگر امور پر غور کیا جا رہاہے لیکن قطعی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔سال گذشتہ بھی لاک ڈاؤن اور تحدیدات کے سبب یوم تاسیس کے موقع پر بڑی تقریب نہیں ہوئی تھی لیکن مختلف مقامات اور ضلع ہیڈ کوارٹرس پر پرچم کشائی کی گئی تھی۔ یوم تاسیس کے سلسلہ میں حکومت سے کوئی ہدایات جاری نہیں کی گئی ہیں لیکن چیف سیکریٹری کے مطابق انتظامیہ نے سفارشات روانہ کردی ہیں اور قطعی فیصلہ کا اختیار حکومت کو دیا گیا ۔چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کابینی اجلاس میں قطعی فیصلہ کرسکتے ہیں۔سال گذشتہ کی طرح اس سال توقع ہے کہ یوم تاسیس تقریب سادگی کے ساتھ مناکر پرچم کشائی اور شہیدان تلنگانہ کو تعزیت کی پیش کشی تک محدود کردیا جائیگا۔ حکومت کے فیصلہ کے بعد ہی محکمہ جات کی جانب سے یوم تاسیس پر احکام جاری کئے جائیں گے اور سرکاری دفاتر و ضلع ہیڈ کوارٹرس پر پرچم کشائی ہوسکتی ہے ۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے تمام سرکاری اسکولوں میں پرچم کشائی کے احکامات متوقع ہیں اور تحصیل دفاتر پر قومی پرچم لہرانے کے احکامات جاری کئے جاسکتے ہیں۔