یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب میں جوش و خروش سے حصہ لینے کی خواہش

   

محبوب نگر میں عوامی نمائندوں اور عہدیداران کا اجلاس، ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کی مخاطبت

محبوب نگر ۔ 30 مئی (سیاست ڈسٹریٹ نیوز) عوامی نمائندے، عہدیداران اور عوام ایک دوسرے کے تعاون سے تلنگانہ کی تشکیل کے دس سالہ تقاریب کے جشن کو مثالی بنائیں۔ ریاستی وزیر آبکاری وی سرینواس گوڑ نے ہدایت دی۔ وہ پیر کے دن محبوب نگر میں انٹیگریٹیڈ ڈسٹرکٹ آفیسرس بلڈنگ کمپلکس کے میٹنگ ہال میں محبوب نگر نارائن پیٹ اضلاع کے عوامی نمائندوں اور عہدیداروں سے مخاطب تھے۔ انہوں نے کہا کہ 2 جون سے 22 جون تک تلنگانہ کی تقاریب کے انعقاد کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 9 برس میں تلنگانہ ریاست ملک بھر میں ایک بڑی ترقی والی ریاست بن کر ابھری ہے۔ 2014 سے قبل کا تلنگانہ اور 2014 کے بعد کا تلنگانہ موازنہ کرکے عوام کو واقف کروانے کی ذمہ داری عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کی ہے۔ انہوں نے تمام محکموں کے عہدیداروں کو پابند کیا کہ وہ گزشتہ 9 برسوں کا ترقیاتی ریکارڈ تیار کرکے پیش کریں۔ ضلع کلکٹر جی روی نائک نے تلنگانہ کی دس سالہ تقاریب کے موقع پر ریاستی چیف منسٹر اور حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات سے واقف کروایا۔ انہوں نے تمام عوامی نمائندوں، ملازمین اور عہدیداروں سے کہا کہ وہ پروگرام میں ضرور شرکت کریں۔ 2 جون کو صبح 9 بجے ضلع افسران کے دفتر میں ریاستی وزیر سرینواس گوڑ قومی پرچم لہرائیں گے۔ اس موقع پر ضلع پریشد چیرپرسن سوونا سدھاکر ریڈی، رام موہن ریڈی، ایم ایل اے مکتھل، راجندر رڈی، ایم ایل اے نارائن پیٹ، نریندر ریڈی ایم ایل اے کوڑنگل، ہرشا ضلع کلکٹر نارائن پیٹ و دیگر نے بھی مخاطب کیا۔