یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب میں سونیا گاندھی کی شرکت کی توثیق

   

سابق صدر کانگریس کے دفتر سے چیف منسٹر ریونت ریڈی دفتر کو اطلاع ۔ شیڈول کا انتظار
حیدرآباد۔/30 مئی، ( سیاست نیوز) کانگریس کی سینئر قائد سونیا گاندھی نے تلنگانہ یوم تاسیس تقریب میں شرکت کی تصدیق کردی ۔ پارٹی ذرائع سے پتہ چلا کہ سونیا گاندھی آفس سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے آفس کو اطلاع موصول ہوئی ہے۔ کانگریس ذرائع نے بتایا کہ سونیا گاندھی نے 2 جون کو ہونے والی یوم تاسیس کی سرکاری تقریب میں شرکت سے اتفاق کرلیا ۔ ان کے دورہ تلنگانہ کے تعلق سے مکمل شیڈول کی اجرائی کا انتظار کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ حال میں چیف منسٹر ریونت ریڈی دہلی پہنچ کر سونیا گاندھی سے ملاقات کرکے انہیں 2 جون کو تلنگانہ کی 10 سالہ یوم تاسیس تقریب میں شرکت کی دعوت دی تھی۔ جس کے بعد دہلی میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے میڈیا سے کہا تھا کہ سونیا گاندھی نے ان کی دعوت پر تقریب میں شرکت سے اتفاق کیا ہے۔ 2014 میں بحیثیت یو پی اے چیرپرسن سونیا گاندھی نے علحدہ تلنگانہ تشکیل دینے میں اہم رول ادا کیا تھا۔ تب سے تلنگانہ کانگریس قائدین سونیا گاندھی کو تلنگانہ کی ماں قرار دے رہے ہیں۔ ریاست میں 10 سال بعد کانگریس کی حکومت قائم ہوئی ہے۔ ریونت ریڈی نے اپنی بحیثیت چیف منسٹر حلف برداری تقریب میں سونیا گاندھی کو بہت اہمیت دی تھی۔ انہیں کھلی جیپ میں ایل بی اسٹیڈیم کے اندر گھماتے ہوئے نعروں کی گونج میں خراج تحسین ادا کیا تھا۔ اب 2 جون کو تلنگانہ کی یوم تاسیس تقریب میں مدعو کیا جارہا ہے۔ علحدہ تلنگانہ تشکیل دینے پر تلنگانہ عوام کی جانب سے اظہار تشکر کیا جائے گا۔2