ریاست کے تمام اضلاع میں کے سی آر کے پتلے جلائے گئے
حیدرآباد 22 جون (سیاست نیوز) کانگریس نے یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کے اختتام کے موقع پر یوم دغا بازی کے طور پر منایا اور ریاست کے تمام اضلاع میں حکومت کے خلاف احتجاج منظم کیا گیا۔ پارٹی نے 10 اہم وعدوں کی نشاندہی کرتے ہوئے چیف منسٹر کا علامتی پتلہ تیار کیا جس کے راون کی طرح 10 سر بنائے گئے اور ہر ایک سر پر ایک وعدہ تحریر کیا گیا۔ علامتی مجسمہ کو عوامی مقامات پرنذر آتش کیا گیا۔ حیدرآباد میں گاندھی بھون کے روبرو کانگریس کارکنوں نے چیف منسٹر کے خلاف نعرے بازی کی اور علامتی پتلہ نذر آتش کیا۔ پولیس نے کارکنوں کو گاندھی بھون سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی۔ حیدرآباد کے دیگر علاقوں میں بھی احتجاج منظم کیا گیا۔ کھمم ضلع میں سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ نے احتجاج کی قیادت کی اور آر ڈی او کو یادداشت پیش کی گئی۔ نلگنڈہ، رنگاریڈی، نظام آباد، نرمل، عادل آباد، کاماریڈی اور دیگر اضلاع میں بھی احتجاج کی اطلاعات ملی ہیں۔ یوم تاسیس کی 10 سالہ تقاریب کے موقع پر کانگریس قائدین کو احتجاج سے روکنے کے لئے پولیس نے کئی اہم قائدین کو مکانات پر محروس کردیا تھا۔ ر