یوم تاسیس تلنگانہ کا بڑے پیمانے پر انعقاد ہوگا ‘ تیاریوں کی ہدایت

   

سرکاری و تفریحی مقامات کو سجایا جائیگا ۔ حسین ساگر پر تہذیبی پروگرامس ‘ چیف سکریٹری کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔27۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کا بڑے پیمانے پر انعقاد کیا جائیگا اور تمام سرکاری اور تفریحی مقامات کو برقی قمقموں سے سجایا جائے گا۔ چیف سیکریٹری شانتی کماری نے آج یوم تاسیس تلنگانہ کی تیاریوں پر عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس طلب کرکے ہدایات جاری کی اور بتایا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی 2جون کو پہلے یادگار شہیداںتلنگانہ گن پارک پر شہدائے تلنگانہ کو خراج عقیدت پیش کرینگے ۔ یہاں سے وہ سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ روانہ ہوں گے۔ پریڈ گراؤنڈ میں یوم تاسیس تلنگانہ تقریب میں چیف منسٹر قومی پرچم لہرائیں گے اور شرکاء سے خطاب کریں گے۔ اس پروگرام میں حکومت سے تیار کردہ ریاست کے ترانہ ’جئے جئے ہے تلنگانہ ‘ کا سرکاری طور پر رسم اجراء عمل میں لایا جائے گا۔ شانتی کماری نے اجلاس میںبتایا کہ 2 جو ن کو یوم تاسیس تقاریب کے موقع پر ٹینک بنڈ پر خصوصی تہذیبی پروگرامس کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا اور اس پروگرام میں شرکاء کے ساتھ بچوں کیلئے کھیل کود کے پروگرامس منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر حسین ساگر کے پاس خصوصی آتشبازی کا شو منعقدکیا جائے گاعلاوہ ازیں ریاست کی سرکردہ ہوٹلوں کی جانب سے ٹینک بنڈ پر خصوصی فوڈ اسٹالس لگائے جائیں گے ۔ ان پروگرامس کے علاوہ تلنگانہ کی تہذیب کو پیش کرنے ٹینک بنڈ پر مختلف محکمہ جات کے اسٹالس بالخصوص ہینڈ لوم کے اسٹالس لگائے جائیں گے۔ جائزہ اجلاس میںچیف سکریٹری نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ ریاست کے تمام سرکاری دفاتر کو برقی قمقموں سے سجانے اقدامات کئے جائیں اور تفریحی مقامات کے علاوہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں سڑکوں کو خصوصا سجانے کے اقدامات کی تاکید کی۔ اجلاس میں ڈائرکٹر جنرل پولیس مسٹر روی گپتا ‘ مسٹر دانا کشور‘مسز شیلجہ رما ائیر‘مسٹر سنجے کمارجین‘ مسٹر وی سی جنار‘ مسٹر مشرف فاروقی‘ مسٹر ہنمنت راؤ‘ مسز امرپالی کٹا‘ و دیگر عہدیدارموجود تھے جنہیں مختلف ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔3