یوم تاسیس پر احتجاج ،اتم کمار ریڈی اور دوسرے قائدین گرفتار

   

ریونت ریڈی اور دیگر قائدین گھروں میں محروس، آبپاشی پراجکٹس کے معائنہ سے روک دیا گیا
حیدرآباد ۔2۔ جون (سیاست نیوز) پولیس نے آج یوم تاسیس کے موقع پر دریائے کرشنا کے مختلف پراجکٹس پر احتجاج منظم کرنے کی کوشش کرنے والے کانگریس قائدین کو گرفتار کرلیا۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ، رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور سابق قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی کو گرفتار کر کے دیورکنڈہ اسمبلی حلقہ میں چنتا پلی پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔ رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی کو ان کی قیامگاہ سے گرفتار کیا گیا جبکہ کانگریس کے کئی قائدین پونالہ لکشمیا، سمپت کمار ، ومشی چند ریڈی ، ملو روی اور دوسروں کو احتجاج میں شرکت سے روکنے کیلئے گھروں پر محروس کردیا گیا ۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے کھمم کے ضلع کانگریس کمیٹی آفس میں ایک روزہ ہڑتال منظم کی۔ سابق رکن پارلیمنٹ کے وشویشور ریڈی اور صدر ضلع کانگریس رام موہن ریڈی کو پرامن احتجاج کرنے پر پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ۔ کانگریس پارٹی نے دریائے کرشنا کے پانی کے سلسلہ میں تلنگانہ سے ناانصافی کے خلاف یوم تاسیس کے موقع پر 4 پراجکٹس پر احتجاج منظم کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ کل رات سے ہی کانگریس قائدین کی قیامگاہوں پر پولیس کو متعین کردیا گیا اور صبح میں کسی بھی قائد کو گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ اتم کمار ریڈی ، جانا ریڈی اور وینکٹ ریڈی جب ایس ایل بی سی پراجکٹ کے معائنہ کیلئے روانہ ہوئے تو راستے میں پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کرتے ہوئے تینوں قائدین کو گرفتار کرلیا اورانہیں پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ۔ اتم کمار ریڈی نے پولیس کے رویہ کی مذمت کی اور کہا کہ چیف منسٹر کی ہدایت پر کانگریس قائدین کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو کمزور کرنے کیلئے پولیس کا استعمال کیا جارہا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ریاست بھر میں قائدین کی گرفتاریاں اور انہیں مکانات پر محروس رکھنے کی کارروائی غیر دستوری ہے۔ پولیس اس بات کی وضاحت کرنے کے موقف میں نہیں ہے کہ گرفتاری کی وجہ کیا ہے۔ چیف منسٹر نے گزشتہ دنوں ہزاروں افراد کے ساتھ کونڈا پوچما پراجکٹ کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر کوئی سماجی فاصلہ برقرار نہیں تھا اور نہ ہی کسی نے ماسک کا استعمال کیا۔ اس کے باوجود پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ اب جبکہ کانگریس قائدین پرامن طور پر لاک ڈاؤن کی پابندیوں کے مطابق آبپاشی پراجکٹس کا معائنہ کرنا چاہتے ہیں تو انہیں روکا جارہا ہے ۔ ایس ایل بی سی پراجکٹ اتم کمار ریڈی کے حلقہ انتخاب میں آتا ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ عوامی نمائندوں کی گرفتاری کی وجوہات کیا ہیں۔ دو ارکان پارلیمنٹ اور ایک سابق اپوزیشن لیڈر کو چیف منسٹر کی ہدایت پر غیر قانونی تحویل میں رکھا گیا ہے۔ پولیس کا یہ اقدام جمہوریت کے قتل کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرفتاریوں سے کانگریس قائدین خوفزدہ نہیں ہوں گے اور پراجکٹ کے خلاف ان کی جدوجہد جاری رہے گی ۔ رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے پولیس کے رویہ کی مذمت کی اور کہا کہ تلنگانہ میں اپوزیشن کا صفایا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر میں بے قاعدگیاں ہیں جنہیں بے نقاب کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کے حصول کے لئے پراجکٹس کی تعمیر پر کے سی آر نے توجہ مرکوز کی ہے۔ آندھراپردیش کی جانب سے دریائے کرشنا کے پانی کے حصول کی صورت میں تلنگانہ سے ناانصافی ہوگی اور اس پر چیف منسٹر کی خاموشی افسوسناک ہے۔