یوم جمہوریہ تقریب ’’بہ نام دستور بچاؤ دیش بچاؤ‘‘

   

ظہیرآباد جے اے سی کی بھوک ہڑتال کیمپ میں پرچم کشائی وائی‘ نروتم کا خطاب

ظہیرآباد ۔ 28 ؍ جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میونسپلٹی ظہیرآباد میں یوم جمہوریہ منایا گیا ۔ سرکاری و غیر سرکاری اداروں پر قومی ترنگے لہرائے گئے ۔ سب سے موثر اور قابل دید یوم جمہوریہ پروگرام جوائنٹ ایکشن کمیٹی ظہیرآباد کے بھوک ہڑتال کیمپ پر دیکھنے میں آیا جو گذشتہ 7 دنوں سے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف بھوک ہڑتال کے ذریعہ اپنا احتجاج درج کر رہے ہیں۔ اس موقع پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے کنوینر وائی نروتم نے رسم پرچم کشائی انجام دینے کے بعد شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ پہلا موقع ہے کہ ملک کے عوام‘ 71 واں یوم جمہوریہ ’’جمہوریت بچاؤ ‘دستور بچاؤ اور دیش بچاؤ‘‘ کے طور پر منا رہے ہیں ۔ مرکزکی بی جے پی حکومت نے ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مذہبی امتیاز پر مبنی قانون بنا کر پورے سماج کو مذہب کے نام پر باٹنے کی کوشش کی ہے جو دستور اور جمہوریت کی جڑوں کو کھوکھلا اور کمزور کرنے والا ہے ۔ اس سیاہ قانون کے خلاف عوام ہاتھوں میں ترنگے لہرا کر ملک گیر سطح پر زبردست احتجاج کر رہے ہیں ۔ حتی کہ خواتین کی بڑی تعداد بھی اس سیاہ قانون کے خلاف سڑکوں پر آ کر احتجاج کر رہی ہیں ۔ ان حالات میں ہر پرامن شہری کا فرض ہے کہ اٹھ کھڑے ہوں ۔ انہوں نے واضح طور پر کہاکہ شہریت ترمیمی قانون کے نفاذ کے ذریعہ نہ دستور بچے گا نہ جمہوریت بچے گی اور نہ ہی دیش بچے گا ۔ سی پی ایم لیڈر بی رامچندر نے خطاب کرتے ہوئے یاد دلایاکہ ہمارے ملک کا دستور ملک کے شہریوں میں مذہب ‘ زبان ‘ ذات پات اور علاقائیت کو بنیاد بنا کر تفریق نہیں کرتا اور اس کی نگاہ میں اکثریت ‘ اقلیت ‘ ہندو ‘ مسلم ‘ سکھ عیسائی اور دلت وغیرہ کے ساتھ کوئی امتیاز نہیں برتا بلکہ تمام شہریوں کو ہندوستانی قرار دیتا ہے ۔ لیکن یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ شہریت ترمیمی قانون کے نفاذ کے ذریعہ مرکزی حکومت نے ملک میں شدید بے چینی کر دی ہے۔ سی پی ایم لیڈر نے مرکزی حکومت کو خبردار کیا کہ وہ اپنی غیر دانشمندانہ اقدامات سے باز آجائے ورنہ اسے عوام کے غیض و غضب سے کوئی نہیں بچا سکتا ۔ کنڈیم نرسمہلو ‘ مہی پال ‘ مولانا عرفان ندوی ‘ مولوی عبدالسلیم نے بھی خطاب کیا ۔ سید صفدر حسین اور ان کے رفقاء نے آئین کے تمہید کا حلف دلایا جب کہ حراء فاونڈیشن کے طلبا نے فوجی کرتب کے مظاہرے اور ثناء اسکول کی طالبات نے حب الوطنی کے نغمے پیش کئے ۔ ہڑتال میں حصہ لینے والے محمد عرفان ‘ محمد عادل ‘ محمد افروز ‘ محمد جنید ‘ محمد کلیم ‘ محمد معراج الدین‘ محمد ناصر ‘ شرملیا‘ آشیا ‘ سرینواس ‘ نریش ‘محمد افسر اور محمد شفیع الدین کی گلپوشی کی گئی ۔ نظامت کے فرائض محمد معزالدین نے انجام دیئے ۔اس موقع پر عوام کی قابل لحاظ تعداد موجود تھی ۔