یوم جمہوریہ پریڈ : بھارت کی فوجی بہادری اور ثقافتی ورثے کی جھلک

,

   

تمام خواتین پر مشتمل سہ فریقی دستے نے پہلی بار حصہ لیا، صدردروپدی مرمو اور فرانسیسی صدر میکرون کیساتھ وزیراعظم مودی کی شرکت

نئی دہلی: ملک آج 75 واں یوم جمہوریہ منا رہا ہے اور اس موقع پرکرتویہ پتھ پر منعقدہ مرکزی تقریب کے دوران دنیا نے ہندوستانی فوجی بہادری اور شاندار ثقافتی ورثے کو دیکھا۔ فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے اس سال پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس پریڈ میں ہندوستان کے بھرپور ثقافتی تنوع، اتحاد اور پیشرفت، بڑھتی ہوئی مقامی صلاحیتوں اور ملک میں بڑھتی ہوئی خواتین کی طاقت پر مبنی فوجی بہادری کا ایک انوکھا امتزاج دیکھا گیا۔ ‘ترقی یافتہ ہندوستان’ اور ‘ہندستان – جمہوریت کی ماں’ کے موضوعات پر مبنی اس سال کی پریڈ میں تقریباً 13,000 خصوصی مہمانوں نے شرکت کی۔ اس اقدام کے تحت سماج کے تمام طبقات کے لوگوں کو اس قومی تہوار میں شرکت کرنے ، منانے اور عوامی شرکت کی حوصلہ افزائی کا موقع فراہم کیا گیا۔ پہلی بار، پریڈ کا آغاز 100 سے زائد خواتین فنکاروں نے ہندوستانی موسیقی کے آلات بجا کر کیا۔ پریڈ کا آغاز ان خواتین فنکاروں کی مدھر موسیقی سے ہوا جو شنکھ، نداشورم، نگاڑا وغیرہ بجا رہی تھیں۔یہ کرتویہ پتھ پر مارچ کرتے ہوئے تمام خواتین کے سہ فریقی دستے کی پہلی شرکت کا بھی گواہ بنا۔ خواتین پائلٹس نے بھی خواتین کی طاقت کی نمائندگی کرتے ہوئے سیلوٹ فلائی پاسٹ کے ذریعے حاضرین کو محظوظ کیا۔سنٹرل آرمڈ پولیس فورس کے دستوں میں بھی صرف خواتین اہلکار شامل تھیں۔ اس سال یوم جمہوریہ کی پریڈ صبح 10.30 بجے شروع ہوئی اور تقریباً 90 منٹ تک جاری رہی۔ یوم جمہوریہ کی تقریبات کا آغاز وزیر اعظم نریندر مودی کے نیشنل وار میموریل پہنچنے کے ساتھ ہوا، جہاں انہوں نے ملک کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے والے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد وزیر اعظم اور دیگر معززین پریڈ دیکھنے کیلئے کرتویہ پتھ پر سلامی دینے والے اسٹیج پر آئے ۔ صدر دروپدی مرمو اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی پنڈال میں آمد ’صدر کے باڈی گارڈ‘کی نگرانی میں ہوئی (تصویرصفحہ 5پر)۔ صدر کا باڈی گارڈ ہندوستانی فوج کی سب سے سینئر ریجمنٹ ہے ۔ یہ یوم جمہوریہ اس ایلیٹ ریجمنٹ کیلئے خاص تھا کیونکہ ‘انگرکشک’ نے 1773 میں اپنے قیام کے بعد سے 250 سال مکمل کرلیے ہیں۔ مرمو اور میکرون روایتی ‘بگی’ میں سوار ہو کر کرتویہ پتھ پر پہنچے ۔ یہ رواج 40 سال کے وقفے کے بعد اس سال دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے ۔حسب روایت پہلے قومی پرچم لہرایا گیا۔ اس کے بعد قومی ترانہ ہوا اور دیسی گن سسٹم 105 ملی میٹر انڈین فیلڈ گن کے ساتھ 21توپوں کی سلامی دی گئی ۔ اس کے بعد 105ہیلی کاپٹر یونٹ کے چار Mi-17 IV ہیلی کاپٹروں نے کرتویہ پتھ پر موجود ناظرین پر پھولوں کی بارش کی۔ اس کے بعد خواتین کی طاقت کی علامت ’آواہن‘ بینڈ کی جانب سے پرفارمنس کا انعقاد کیا گیا جس میں 100 سے زائد خواتین فنکاروں نے مختلف قسم کے تال بجاتے ہوئے حصہ لیا۔ اس کے بعد پریڈ کا آغاز صدر نے سلامی لینے کے ساتھ کیا۔ اس سال پریڈ کی کمان دوسری نسل کے فوجی افسر پریڈ کمانڈر جنرل آفیسر کمانڈنگ، دہلی ایریا لیفٹیننٹ جنرل بھونیش کمار نے سنبھالی۔