رانچی: یوم جمہوریہ 2025 کے موقع پر دہلی میں منعقد ہونے والے قومی پروگرام میں جھارکھنڈ سمیت 15 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کی جھانکیوں کا انتخاب کیا گیا ہے ۔جھارکھنڈ نے بھی یوم جمہوریہ پر منعقد ہونے والے قومی پروگرام کی مکمل تیاریاں کر لی ہیں۔ آنجہانی رتن ٹاٹا کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ جھارکھنڈ کی شاندار ثقافت، روایتی رقص، تعلیم میں خواتین کی طاقت کے بڑھتے ہوئے قدم وغیرہ کو جھارکھنڈ کی جھانکی میں دکھایا جائے گا۔ معلوم ہوا ہے کہ 2024 میں دہلی یوم جمہوریہ پریڈ کے موقع پر تسر سلک پر مبنی ایک جھانکی پیش کی گئی تھی۔مرکزی حکومت نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں سے جھانکوں کا خاکہ مانگا تھا۔ انتخابی عمل کے مختلف مراحل کے بعد، دہلی میں منعقدہ قومی پروگرام میں نمائش کے لیے صرف 15 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کے جھانکیوں کا انتخاب کیا گیا۔ انتخابی عمل میں جھارکھنڈ کی جھانکی کے خاکہ کو سلیکٹروں کی ستائش ملی ۔ تمام منتخب ریاستوں کی جھانکیوں کو نئی دہلی میں 19 جنوری 2025 تک تیار کیا جانا ہے اور مکمل ملبوسات کے ساتھ ان کی ریہرسل بھی 23 جنوری کو کی جانی ہے ۔