کوروناوبا کے پیش نظر تقریبات منسوخ کردینے مرکز پر ششی تھرور کا زور
نئی دہلی : کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے مرکز کی مودی حکومت پر زور دیا ہیکہ وہ یوم جمہوریہ پریڈ کیلئے ہجوم کو جمع کرتے ہوئے غیرذمہ داری کا مظاہرہ نہ کرے۔ یوم جمہوریہ پریڈ کو منسوخ کرنے کی انہوں نے تجویز پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات کو منسوخ کیا جانا چاہئے۔ ملک بھر میں کوروناوائرس کی وبا سے عوام پریشان ہیں۔ ایسے میں یوم جمہوریہ کی پریڈ منعقد کرنا، عوام کو جمع کرنا اور جشن منانا غیرذمہ دارانہ ہوگا۔ انہوں نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ مودی حکومت کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا یہ تبصرہ اس وقت سامنے آیا جبکہ وزیراعظم برطانیہ بورس جانسن نے دورہ ہند کو منسوخ کرتے ہوئے یوم جمہوریہ پریڈ میں شرکت سے معذرت خواہی کی۔ وہ یوم جمہوریہ کے موقع پر ہندوستان کے مہمان خصوصی کے طور پر آنے والے تھے۔ کورونا وائرس اور کورونا کی نئی شکل سامنے آنے کے بعد انہوں نے اپنا دورہ منسوخ کیا۔