یوم جمہوریہ کے موقع پر صدر جمہوریہ نے پدما ایوارڈز کا اعلان کیا

,

   

ناگیشور ریڈی ‘ جگدیش سنگھ کیہر ‘ کمودنی رجنی کانت لاکھیہ ‘لکشمی نارائن سبرامنیم ‘واسودیون نائر ‘ اوسامو سوزوکی اور شریمتی شاردا سنہاکو پدما وبھوشن
پنکج ادہاس ‘ این بالا کرشنا ‘ سادھوی رتھمبرا ‘ منوہر جوشی و سشیل کمار مودی کو پدما بھوشن ۔بیگم بتول ‘ فاروق احمد میر ’ش ق نظام پدم شری

نئی دہلی : صدر جمہوریہ ہند شریمتی دروپدی مرمو نے یوم جمہوریہ ہند کے موقع پر پدما ایوارڈز کا اعلان کیا ہے ۔ سوزوکی موٹرس کو ہندوستان میں شاندار کامیابی سے ہمکنار کرنے اور ایک چھوٹے کار گروپ کو بین الاقوامی برانڈ میں تبدیل کرنے والے اوسامو سوزوکی ‘ سابق چیف جسٹس آف انڈیا جے ایس کیہر ‘ ملیالی ادب کی معروف شخصیت ایم ٹی واسودیون نائر ‘ معروف گلوکارہ شاردا سنہا سمیت سات افراد کو پدما وبھوشن ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا ہے ۔ پدما وبھوشن ملک کا اعلی ترین سیویلین ایوارڈ ہے اور انتہائی مثالی اور منفرد خدمات کے عوض دیا جاتا ہے ۔ وزیر اعظم کی معاشی مشاورتی کونسل کے سابق صدر نشین بیبک دیبرائے ‘ سابق مہاراشٹرا چیف منسٹر منوہر جوشی ‘ غزہ گلوکار پنکج ادہاس ‘ سابق ڈپٹی چیف منسٹر بہار سشیل مودی ‘ سابق انڈیا ہاکی پلئیر پی آر سریجیش کے بشمول 19 افراد کو پدما بھوشن ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا ہے ۔ یہ ایوارڈ بھی اپنے اپنے شعبہ میں مثالی خدمات پر دیا جاتا ہے ۔ گلوکار اریجیت سنگھ ‘ میوزک کمپوزر رکی کیج ‘ پیرس پیرالمپک گیمس 2024 میں گولڈ میڈل جیتنے والے ہرویندر سنگھ کے بشمول 113 افراد کو پدمجا شری ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ایوارڈز کے اعلان کے فوری بعد سوشیل میڈیا پر انعام یافتگان کو مبارکباد پیش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سبھی پدما ایوارڈ یافتگان کو مبارکباد۔ ہندوستان کو ان کی غیرمعمولی کامیابیوں پر فخر ہے ۔ انہوں نے اپنے جذبہ اور لگن سے سب کیلئے مثال قائم کی ہے ۔ ہر ایوارڈ یافتہ فرد سخت جدوجہد ‘ جذبہ اور اختراع کی مثال ہے ۔ ان تمام نے زندگیوں پر منفی اثرات چھوڑے ہیں اور سماج کی بے غرض خدمت میں مہارت کا درس دیا ہے ۔ پدما وبھوشن ایوارڈ پانے والوں میںشری ڈی ناگیشور ریڈی ( میڈیسن ) ‘ جسٹس ( ریٹائرڈ ) جگدیش سنگھ کیہر ‘ شریمتی کمودنی رجنی کانت لاکھیہ (آرٹ ) شری لکشمی نارائن سبرامنیم ( آرٹ ) ‘ شری واسودیون نائر ( بعد از مرگ ) ادب و تعلیم ‘ اوسامو سوزوکی ( بعد از مرگ ) تجارت و صنعت اور شریمتی شاردا سنہا ( بعد از مرگ ) آرٹ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پدمابھوشن پانے والوں میں اے سوریہ پرکاش ‘ اننت ناگ ‘ بیبیک دیبرائے ( بعد از مرگ ) ‘ جتن گوسوامی ‘ جے سی پیری اپن ‘ منوہر جوشی ( بعد از مرگ ) ‘ این کپوسوامی چیٹی ‘ نندوموری بالاکرشنا ‘ پی آر سری جیش ‘ پنکج پٹیل ‘ رام بہادر رائے ‘ سادھوی رتھمبرا ‘ ایس اجیت کمار ‘ شیکھر کپور ‘ شوبھنا چندرا کمار ‘ ونود دھام ‘ سشیل کمار مودی ( بعد از مرگ ) شامل ہیں۔

یوم جمہوریہ کے موقع پر 942 پولیس اہلکاروں کو شجاعت اور خدمت کے تمغوں سے نوازا گیا
نئی دہلی : یوم جمہوریہ کے موقع پر پولیس، فائر بریگیڈ، ہوم گارڈ اور سول ڈیفنس کے 942 اہلکاروں کو شجاعت اور خدمت کے تمغوں سے نوازاگیا۔ وزارت داخلہ نے ہفتہ کو یہاں بتایا کہ ان میں شجاعت کے 95 تمغے بھی شامل ہیں۔ شجاعت کا تمغہ حاصل کرنے والوں میں سے 78 کا تعلق پولیس سروس سے ہے اور 17 کا تعلق فائر سروس سے ہے ۔ تمغوں سے نوازے جانے والے اہلکاروں میں ایسے 101 اہلکار بھی شامل ہیں جنہوں نے امتیازی خدمات کے لیے صدر کا تمغہ حاصل کیا۔ ان میں سے 85 پولیس سروس سے ، 5 فائر سروس سے ، 7 سول ڈیفنس اور ہوم گارڈ سے اور 4 اصلاحی خدمات کے اہلکار ہیں۔اس کے علاوہ شاندار خدمات پر 746 تمغے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔