یوم جمہوریہ :231 قیدیوں کی سزا میں تخفیف اور رہائی

   

حیدرآباد 26 جنوری (سیاست نیوز) یوم جمہوریہ ہند کے موقع پر تلنگانہ حکومت نے جملہ 231 قیدیوں کی پیشگی رہائی کا فیصلہ کیا ہے اور ان کی سزا میں تخفیف کردی گئی ہے ۔کہا گیا ہے کہ ان میں 212 ایسے قیدی شامل ہیں جن کو عمرقید کی سزا ہوئی تھی جبکہ 19 قیدیوں کی سزائیں عمر قید والی نہیں تھیں۔ کہا گیا ہے کہ جیل میں بہتر رویہ کی بنیاد پر ان کی سزا میں تخفیف کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ریاستی حکومت نے اس سلسلہ میںجی او ایم ایس نمبر 2 جاری کیا ہے اور قیدیوں کی قبل از وقت رہائی کا اعلان کیا ہے اور ان کی یوم جمہوریہ کے موقع پر رہائی عمل میں لائی گئی ۔ حکومت کی جانب سے سال میں عموما تین مرتبہ قیدیوں کی سزاؤں میں تخفیف پر غور کیا جاتا ہے ۔ یوم جمہوریہ ہند ‘ یوم آزادی ہند اور گاندھی جینتی کے موقع پر سزاؤں میں تخفیف کی جاتی ہے ۔ سابقہ بی آرا یس کے دور حکومت میں جملہ دو مرتبہ 2016 اور 2020 میںسزاؤں میں تخفیف کی گئی تھی اور کچھ قیدیوں کو رہا کیا گیا تھا ۔ سزاؤں میں تخفیف کیلئے حکومت سے نمائندگیاں کی جا رہی تھیں۔