ممبئی 7 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا میں مختلف تنظیموں سے تعلق رکھنے والی سینکڑوں خواتین نے سی اے اے ‘ این پی آر اور این آر سی کے خلاف ایک مارچ میں ماٹونگا میں حصہ لیا ۔ بین الاقوامی یوم خواتین سے ایک دن قبل مختلف تنظیموں سے تعلق رکھنے والی خواتین نے پانچ گارڈن سے دادر تک مارچ کیا ۔ مارچ میں حصہ لینے والی خواتین میں قبائلی اور دلت تنظیموں سے تعلق رکھنے والی خواتین بھی شامل تھیں۔ قبل ازیں ممبئی پولیس نے اس مارچ کی اجازت نہیں دی تھی اور واٹس ایپ پر یہ پیام بھی جاری کیا تھا اور لوگوں کو خبردار کے اتھا کہ اگر انہوں نے یہ مارچ منعقد کیا یا اس میں حصہ لیا تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی ۔ اس پیام کو واٹس ایپ اور دوسرے سوشیل میڈیا پلیٹ فارمس پر خاصا وائرل بھی کیا گیا تھا اس کے باوجود سینکڑوں کی تعداد میں خواتین فائیو گارڈنس پہونچ گئیں جس کے بعد پولیس نے انہیں مارچ کی اجازت دیدی ۔ احتجاجی خواتین کے ہاتھوں میں سی اے اے ‘ این پی آر اور این آر سی کے خلاف نعروں پر مشتمل پلے کارڈز بھی تھے اور انہوں نے ان قوانین کے خلاف نعرہ بازی بھی کی ۔