یوم شہیداں کے موقع پر مہاتما گاندھی کو کانگریس کا خراج

   

بی جے پی نے گاندھی کے اُصولوں سے انحراف کیا، اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 30 جنوری (سیاست نیوز) یوم شہیداں کے موقع پر کانگریس پارٹی نے مہاتما گاندھی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ گاندھی بھون میں مہاتما گاندھی کے مجسمہ پر پھول نچھاور کرتے ہوئے خراج پیش کیا گیا اور قائدین نے گاندھی کے اُصولوں پر چلنے کا عہد کیا۔ اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کہاکہ کانگریس پارٹی کے اُصول دراصل مہاتما گاندھی کے اُصول ہیں۔ مہاتما گاندھی نے ہندوستان میں مذہبی رواداری اور بھائی چارہ کا سبق دیا تھا لیکن بی جے پی گاندھی جی کے اُصولوں کے خلاف کام کرتے ہوئے مذہبی جذبات کو مشتعل کررہی ہے۔ مذہبی سیاست اختیار کرتے ہوئے بی جے پی اقتدار برقرار رکھنا چاہتی ہے۔ اُنھوں نے مجلس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ بی جے پی اور مجلس کے درمیان خفیہ مفاہمت ہے۔ جبکہ ٹی آر ایس بیک وقت مجلس اور بی جے پی کے ساتھ دوستی برقرار رکھے ہوئے ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بھینسہ میں پیش آئے فرقہ وارانہ واقعات پر حکومت کی خاموشی اِس بات کا ثبوت ہے کہ ٹی آر ایس نے فرقہ پرست طاقتوں سے سمجھوتہ کرلیا ہے۔ تینوں پارٹیوں نے گاندھی جی کے اُصولوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سیکولرازم اور جمہوریت کے خلاف کام کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بلدی انتخابات کے آزادانہ اور منصفانہ انعقاد میں اسٹیٹ الیکشن کمیشن ناکام ہوچکا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کمیشن نے حکومت کے اشارہ پر کام کیا اور ٹی آر ایس کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا۔ اُنھوں نے چیرپرسن کے انتخابات میں ایکس افیشو ممبرس کی فہرست میں دھاندلیوں کا حوالہ دیا اور کہاکہ قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ٹی آر ایس نے ارکان کونسل کے نام شامل کئے لیکن کمیشن نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک میں موجودہ طرز حکمرانی سے گاندھی جی کی روح کو یقینا تکلیف ہوگی۔ اُنھوں نے کہاکہ گاندھی جی نے امن، عدم تشدد اور سیکولرازم کے لئے اپنی زندگی قربان کردی۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی گاندھی جی کے نام پر سیاسی فائدہ اُٹھانا چاہتی ہے۔ گاندھی سنکلپ یاترا کے نام پر اپنے نظریات کو عوام پر مسلط کررہی ہے۔ اُتم کمار ریڈی نے کہاکہ بی جے پی کو مہاتما گاندھی کا نام لینے کا کوئی حق نہیں ہے کیوں کہ اُس کی پالیسی گاندھی جی کے اُصولوں کے برخلاف ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بلدی انتخابات کے نتائج کا پارٹی جائزہ لے گی اور پارٹی کو مستحکم کرنے کی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ تقریب میں سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ، سکریٹری اے آئی سی سی ومشی چندر ریڈی، نائب صدر پردیش کانگریس ملو روی، صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو، سابق رکن اسمبلی ایم کودنڈا ریڈی کے علاوہ پی سی سی قائدین کمار راؤ، جی نرنجن، ایس کے افضل الدین اور دوسرے شریک تھے۔