یوم عاشقان کے موقع پر جیل میں عاشق کی خودکشی

   

حیدرآباد۔/15 فروری، ( سیاست نیوز) محبت کی شادی کے بعد بیوی سے جدا ہونے والے ایک شوہر نے یوم عاشقان کے موقع پر جیل میں پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ ضلع ورنگل کے پارو نگری گاؤں کے 24 سالہ ڈانسر بھانو چندر نے اسی گاؤں کی رہنے والی اپنے ماموں کی بیٹی 26 سالہ سورنا لتا سے بڑوں کی مرضی کے خلاف گزشتہ سال 10 مارچ کو مندر میں شادی کی تھی۔ چند دن حیدرآباد میں رہنے کے بعد دونوں میں تھوڑی سی نااتفاقی ہوگئی جس پر لڑکی کے والدین لڑکی کو اپنے ساتھ لے گئے اور حیدرآباد میں ہی اپنی بہن کے پاس رکھا۔ بھانو چندر سے ملاقات کرنے نہ دینے پر سورنا لتا نے 5 جنوری کو خودکشی کرلی۔ لڑکی والوں کی جانب سے بھانو چندر کے خلاف جہیز ہراسانی مقدمات درج کروائے گئے جس پر پولیس نے بھانو چندر کو گرفتار کرتے ہوئے 24 جنوری کو سنگاریڈی جیل منتقل کیا جس سے دلبرداشتہ بھانو چندر نے پیر کو یوم عاشقان کے موقع پر بیڈ شیٹ پھاڑ کر اس کے ذریعہ باتھ روم میں خودکشی کرلی۔ 14صفحات پر مشتمل خودکشی نوٹ میں بھانو چندر نے لکھا کہ اس کی موت کے کوئی ذمہ دار نہیں ہیں وہ اپنی محبت کے بغیر زندہ رہنا نہیں چاہتا اس لئے وہ خودکشی کررہا ہے۔ ن