حیدرآباد۔ ریاستی گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے یوم عاشورہ کے موقع پر اپنے ایک پیام میں کہا کہ یوم عاشورہ جذبہ قربانی کی علامت ہے جو انسانیت کی اعلی ترین اقدار ہے ۔ یوم عاشورہ کو میدان کربلا میں نواسہ رسول ؐ حضرت سیدنا امام حسین ؓکو شہید کردیا گیا تھا جنہوں نے حق کیلئے جدوجہد کی تھی اور باطل کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا ۔ گورنر نے اپنے پیام میں کہا کہ ہمیں کربلا کے پیام کو آج بھی اختیار کرنے کی ضرورت ہے ۔
چیف منسٹر کے سی آر کا پیام
اس دوران چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے بھی یوم عاشورہ کے موقع پر ایک پیام جاری کرتے ہوئے شہادت امام حسین ؓ کو خراج پیش کیا ہے ۔ کے سی آر نے اپنے ایک پیام میں کہا کہ اچھائی ‘ عزم اور قربانی ہی یوم عاشورہ کا حقیقی جذبہ ہے اور ہمیں اسی عظیم انسانی جذبہ کو اپنی زندگیوں میں اختیار کرنے کی ضرورت ہے ۔