یوم عاشورہ پر پرانے شہر میں آج تاریخی بی بی کے علم کا جلوس

   

پولیس کے وسیع تر انتظامات ۔ خانوادہ نظام اور کمشنر پولیس کی جانب سے ڈھٹی پیش کی جائے گی

حیدرآباد 28 جولائی ( سیاست نیوز ) یوم عاشورہ کے موقع پر پرانے شہر میں کل ہفتہ 29 جولائی کو تاریخی بی بی کے علم کا جلوس نکالا جائیگا ۔ الاوہ بی بی سے علم مبارک ٹھیک 1 بجے دن برآمد ہونگے ۔ اس سے قبل مجلس پرسہ برپا ہوگی ۔ گروہ شیدائے شبیر کا خونی ماتم ہوگا ۔ بی بی کے علم کا جلوس الاوہ بی بی سے برآمد ہوکر براہ کمان شیخ فیض ‘ اعتبار چوک ‘ مال والا پیالیس ‘ چارمینار ‘ گلزار حوض ‘ پنجہ شاہ ‘ قدم رسول ‘ اعتبار چوک ‘ منڈی میر عالم ‘ پرانی حویلی سے ہوتا ہوا الاوہ سرطوق اور عزا خانہ زہرہ پہونچے گا ۔ وہاں سے کالی قبر سے ہوتا ہوا مسجد الہی چادر گھاٹ کے روبرو عاشور خانہ بیت الحزن میں علم ٹھنڈا کیا جائیگا ۔ علم ٹھنڈا کئے جانے کے مقام پر گروہ شیدائے شبیر کا ماتم ہوگا ۔ علم بی بی کے جلوس میں جملہ 25 انجمنیں خونی ماتم کا نذرانہ پیش کریں گی ۔ ان میں ایرانی اور اخباری انجمنیں بھی شامل رہیں گی ۔ جلوس کیلئے پولیس کے وسیع تر انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں جلوس گذرنے کے راستوں پرا یمبولنس کا انتظام بھی رہے گا ۔ خانوادہ نظام کی جانب سے پیلی گیٹ پرانی حویلی پرا ور کمشنر پولیس حیدرآباد کی جانب سے چارمینار پر بی بی کے علم پر ڈھٹی پیش کی جائے گی ۔
یوم عاشورہ پر گورنر سوندرا راجن کا پیام
حیدرآباد28 جولائی (سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے یوم عاشورہ پر پیام میں کہا کہ محرم عوام میں قربانی کے جذبہ کو فروغ و برائی کے خلاف آواز اٹھانے کی ترغیب دیتا ہے ۔ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے نواسے حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی کو یادکیا جاتا ہے جنہوں نے سچائی کیلئے جان قربان کردی۔ ماہِ محرم نیکیوں اور قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں انسانیت کو اہمیت دی گئی اور ہمیں محرم کے حقیقی جذبہ کو اختیار کرنا چاہئے۔