یوم مئی ‘مزدوروں کی جدوجہد کی علامت

   

سرسلہ میںٹیکسٹائل پارک کے قیام کا مطالبہ ‘سابق ایم پی بی ونودکمار کاخطاب
گمبھی راوپیٹ سرسلہ، 2 مئی۔(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)یومِ مئی کے موقع پر سرسلہ شہر میں منعقدہ ایک تقریب میں سابق رکن پارلیمنٹ اور ریاستی منصوبہ بندی کمیشن کے نائب صدر جناب بوئینا پلی وینود کمار نے کہا کہ مزدوروں کی قربانیاں بے مثال اور ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرسلہ میں ٹیکسٹائل پارک قائم کیا جائے اور مزدوروں سے حاصل ہونے والے ‘سیس’ فنڈز کو ان کی فلاح و بہبود پر ہی خرچ کیا جائے۔جناب وینود کمار نے کہا کہ یومِ مئی مزدوروں کی جدوجہد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1826 میں شکاگو (امریکہ) میں مزدوروں کی ریلی پر حکومتی حملے میں کئی جانیں ضائع ہوئیں، اور مزدوروں نے اپنے خون سے سرخ ہوئی قمیص کو جھنڈا بنا کر جدوجہد کی علامت قرار دیا۔ تب سے دنیا بھر میں یومِ مئی کے موقع پر سرخ جھنڈے لہرائے جاتے ہیں۔اس موقع پر سابق ایم پی نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ سرسلہ میں ٹیکسٹائل پارک قائم کرے تاکہ مقامی مزدوروں کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں۔ انہوں نے زور دیا کہ مزدوروں کی فلاح کے لیے مخصوص سیس فنڈز کا شفاف استعمال یقینی بنایا جائے۔تقریب میں سابق میونسپل چیئرمین جندم کلا چکرپانی، بی آر ایس پارٹی کے ضلعی صدر تھوتا آگیہ، سابق کارپوریشن چیئرمین پروین، سابق کتب خانہ چیئرمین آکنوری شنکرایا، بی آر ایس مزدور یونین کے ضلعی صدر سرینواس، سابق کونسلرز اور دیگر سینئر قائدین نے شرکت کی۔