کسی اجلاس میں شرکت یا کنوینر بنائے جانے کی تردید : جسٹس چندرا کمار
حیدرآباد۔/8 جنوری، ( پریس نوٹ ) ریاستی ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج ، جسٹس بی چندرا کمار نے کسی یونائٹیڈ مسلم فرنٹ کے قیام کے علم یا اس سے ان کے کسی تعلق کی تردید کی ہے۔ جسٹس ( ریٹائرڈ ) چندرا کمار نے چہارشنبہ کو جاری کردہ بیان میںوضاحت کی کہ ایناڈو اور ٹائمس آف انڈیا جیسے چند اخبارات میں یہ شائع ہوا ہے کہ مسٹر اسد الدین اویسی نے دارالسلام میں منعقدہ اجلاس میں بیان دیا کہ جسٹس چندرا کمار کو یونائٹیڈ مسلم فرنٹ کا کنوینر منتخب کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ جیون کمار اور ویملکا کو معاون کنوینر منتخب کیا گیا ہے۔ جسٹس چندرا کمار نے کہا کہ ’’ میں وضاحت کرنا چاہتا ہوں کہ گزشتہ روز میں نے دارالسلام میں کسی اجلاس میں شرکت نہیں کی اور نہ ہی کسی یونائٹیڈ مسلم فرنٹ کے کنوینر بنائے جانے کی اجازت دی۔ ‘‘ چندرا کمار نے مزید کہاکہ ’’ میں ویملا اور جیون کمار سے بھی مشاورت کرچکا ہوں انہوں نے بھی اس کی تردید کی ہے۔ اگر ایسا کوئی فرنٹ تشکیل بھی دیا گیا ہے تو اس سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ واضح کردینا چاہتا ہوں کہ کسی نے بھی مجھے کنوینر بنانے کے بارے میں کوئی مشاورت نہیں کی تھی۔ ‘‘