یونائٹیڈ مسلم فورم کا اجلاس، کے سی آر حکومت کی وعدوں کی عدم تکمیل کا جائزہ

   

مسلمانوں کے مسائل پر سیاسی پارٹیوں کو مطالبات پیش کرنے کا فیصلہ، فلسطین پر اسرائیلی مظالم کی مذمت
حیدرآباد ۔2۔نومبر (سیاست نیوز) یونائٹیڈ مسلم فورم نے تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں تائید کے مسئلہ پر مسلمانوں کے مسائل سے مطابق سیاسی پارٹیوں سے تیقنات حاصل کرنے فیصلہ کیا ہے۔ فورم کا اجلاس خانقاہ حضرت شاہ خاموش نامپلی میں منعقد ہوا۔ فورم کے ذمہ داران مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم (صدر) ، مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری، مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی ، مولانا سید شاہ حسن ابراہیم حسینی قادری سجاد پاشاہ، جناب ضیاء الدین ایئر ، جناب سید محی الدین احمد مختار (جنرل سکریٹری ) ، مولانا سید ظہیرالدین علی صوفی ، مولانا سید مسعود حسین مجتہدی و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک اور ریاست کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فلسطین میں مغربی ممالک کی تائید سے اسرائیلی مظالم کی مذمت کی گئی۔ فورم نے انتخابات میں ووٹوں کی تقسیم کو روکنے اور فرقہ پرست طاقتوں کو اقتدار میں آنے سے روکنے کی حکمت عملی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مسلمانوں کے مسائل پر مشتمل مطالبات تیار کرکے سیاسی جماعتوں سے تیقن لینے کے بعد تائید کا اعلان کیا جائیگا۔ اجلاس میں ووٹ کی اہمیت سے متعلق عوام میں شعور بیداری کی اہمیت اجاگر کی گئی۔ فورم کا کہنا ہے کہ ووٹ نہ صرف شہری کا حق ہے بلکہ استعمال ذمہ داری ہے۔ ہر شہری کو اپنے ووٹ کا استعمال کرنا چاہئے ۔ اجلاس میں سیاسی جماعتوں کے وعدوں اورتیقنات کا جائزہ لیا گیا ۔ سابقہ وعدوں اور ان کی تکمیل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ مسلمانوں کے مسائل پر مشتمل مطالبات کی فہرست تیار کرکے سیاسی جماعتوں کو پیش کی جائیگی۔ بی آر ایس حکومت نے مسلمانوں سے جن وعدوں کی تکمیل نہیں کی ، ان کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ اس کے علاوہ دیگر پا رٹیوں کے موقف پر بھی اظہار خیال ہوا۔ اجلاس کی دلچسپ بات یہ رہی کہ مجلس کی جانب سے امیدواروں کے اعلان سے قبل ہی فورم نے مجلسی امیدواروں کی تائید کا اعلان کردیا۔