ورنگل میں مفت یونانی میڈیکل کیمپ ،مولانا جعفر العابدین ،ڈاکٹر سید مجاہداللہ حسینی کا خطاب
ورنگل ۔مسیح الملک حکیم اجمل خان کی 153ویں یوم پیدائش کے ضمن میں شفاء کلینک ایل بی نگر ورنگل کی جانب سے مفت شوگر کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس کی نگرانی ڈاکٹر سید مظہر اللہ حسینی بی یو ایم ایس ،حجامہ تھراپسٹ نے کی ۔اس مفت کیمپ کا مولانا محمد خواجہ جعفر العابدین ناظم مدرسہ جامعہ محمدیہ خیر العلوم ورنگل نے افتتاح انجام دیا ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ محمد خواجہ مسیح الدین سب رجسٹرار ،سید ذاکر کانگریس قائد اور دیگر موجود تھے ۔اس موقع پر مولانا خواجہ جعفر العابدین نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ دور قدیم کے یونانی ادویات بے حد فائدہ مند ہیں اور یہ علاج شفاء بخش ہے۔ انہوںنے کہاکہ یونانی سے متعلق عوام میں شعوربیداری ناگزیر ہے ۔ڈاکٹر سید مظہر اللہ حسینی نے کہاکہ ایلوپیتھی میں سائڈ ایفکٹس ہیں لیکن یونانی ادویات میں کسی قسم کے سائڈ ایفیکٹ نہیں ہوتے ۔اس سے دیرینہ بیماریوں کے علاج کئے جاسکتے ہیں ۔سابق میں راجہ مہاراجہ اسی علاج پر منحصر تھے البتہ برٹش کے دور میں اس کو کافی نقصان پہنچایا گیا ۔انہوںنے کہاکہ یہ ایک اچھا موقع ہے کہ حکیم اجمل خان کو بہتر خراج عقیدت پیش کیا جاسکتا ہے ۔انہوںنے کہا کہ حکیم اجمل کی یوم پیدائش 11فروری کو ہے یہی وجہ ہے کہ اس دن عالمی یوم یونانی کے طور پر منایا جاتا ہے ۔مسلسل تین سالوں سے یوم یونانی منایا جارہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ اس کیمپ میں مختلف امراض بالخصوص شوگر کے مریضوں کا معائنہ کیا گیا اور انہیں شفاء کلینک کی جانب سے مفت ادویات فراہم کی گئیں ۔تقریبا 200سے زائد مریضوں نے اس کیمپ سے استفادہ دیا ۔قبل ازیں مفت کیمپ کے انعقاد پر ڈاکٹر سید مظہر اللہ حسینی کی تہنیت کی گئی۔