اقلیتی کمیشن کے اجلاس پر محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروںکی طلبی، صدرنشین قمرالدین سے مشاورت
حیدرآباد ۔ 8۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن نے آج محکمہ صحت کے تمام عہدیداروں کو طلب کرتے ہوئے حیدرآباد میں واقع العارف یونانی میڈیکل کالج کے تنازعہ پر بات چیت کی۔ شریمتی سونی بالا دیوی آئی ایف ایس ایڈیشنل سکریٹری محکمہ صحت ، ڈاکٹر سدھاکر رجسٹرار کالوجی نارائن راؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ ورنگل ، ڈاکٹر شہزادی سلطانہ پرنسپل اینڈ ایڈیشنل انچارج محکمہ آیوش اور شریمتی شاما پربھا آفس سپرنٹنڈنٹ محکمہ آیوش نے کمیشن کے روبرو پیش ہوکر کالج کے تنازعہ کی یکسوئی پر بات چیت کی۔ ایڈیشنل سکریٹری نے کمیشن کو تیقن دیا کہ بہت جلد تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جائے گی اور رپورٹ سے کمیشن کو واقف کرایا جائے گا۔ کمیشن کے صدرنشین محمد قمرالدین نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ طلبہ کے مستقبل کے تحفظ کیلئے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ یونانی طریقہ علاج کو برقرار رکھنے کیلئے محکمہ آیوش کو اقدامات کرنے ہوں گے۔ ایڈیشنل سکریٹری نے ڈائرکٹر آیوش اور رجسٹرار کالوجی نارائن راؤ یونیورسٹی کو ہدایت دی کہ تحقیقات کے بعد 7 مارچ تک اپنی رپورٹ پیش کردیں۔ صدرنشین قمرالدین نے معاملہ کی آئندہ سماعت 7 مارچ کو مقرر کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کالج کا اراضی کے مالکین کے ساتھ تنازعہ ہے جو کالج کی منتقلی پر اصرار کر رہے ہیں۔ کالج کی منتقلی کی صورت میں طلبہ کا مستقبل خطرہ میں پڑسکتا ہے۔