یونان میں کشتی ڈوبنے کے تین واقعات

   

ایتھنز ۔ یونانی حکام کا کہنا ہے کہ بحیرہ ایجیئن میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے واقعات میں کم سے کم 16 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔اے ایف پی کے مطابق یونانی کوسٹ گارڈ نے بتایا کہ جمعہ کو بحیرہ ایجیئن میں کشتی ڈوبنے سے کم از کم 3 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ چند ہی گھنٹے بعد ایک دوسرے واقعہ میں مزید 11 افراد ہلاک ہوئے۔ چہارںشنبہ سے اب تک یہ تیسرا واقعہ ہے جس میں تارکین وطن ہلاک ہوئے۔کوسٹ گارڈ نے بتایا کہ انہوں نے تین نعشیں نکال لی ہیں جبکہ پاروس جزیرے کے قریب ایک ڈوبنے والی کشتی کے 57 افراد کو بچا لیا گیا۔اسی طرح جمعرات کی شام یونانی جزیرے اینتیکتیرا کے شمال میں واقع ایک چھوٹے سے جزیرے پر کشتی سے 11 افراد کی لاشیں ملیں۔کوسٹ گارڈ کے مطابق اسی جزیرے میں پھنسے 90 افراد کو بچا لیا گیا جن میں 27 بچوں سمیت 11 خواتین شامل تھیں۔بدھ کو تارکین وطن کو لے جانے والی ایک چھوٹی کشتی فولگینڈوس میں الٹ گئی جس میں تین افراد ہلاک ہوئے۔یونانی حکام کا کہنا ہے کہ 13 افراد کو بچایا گیا جبکہ درجنوں لاپتہ ہیں۔