ایتھنز: یورپی یونین نے یونانی جزائر کے آس پاس بحیرہ روم میں قدرتی گیس کی دریافت کے لیے سروے کی کوششوں پر ترکی کو خبردار کیا ہے۔ یونان اور قبرص نے الزام عائد کیا ہے کہ ترکی کی جانب سے ان کے سمندری پانیوں میں قدرتی وسائل کو دریافت کرنے کی کوششیں جاری ہیں جس سے ان کی خود مختاری کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔ فرانس کے صدر ایمانوئل ماکروں نے اس حوالے سے ترکی کے خلاف پابندیوں کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب ترکی نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے حقوق کے دائرے میں ہے۔ ترکی کا سمندری جہاز اورک ریز، جو بحیرہ روم کے پانیوں میں قدرتی گیس دریافت کرنے کے مشن پر ہے، درست اور موثر طریقے سے اپنی مہم میں مصروف ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ جہاز اگست کے اوائل تک اپنا سروے جاری رکھے گا۔