گجرات کی کمیٹی انتخابات کے بعد گھر چلی جائے گی: کجریوال
نئی دہلی: گجرات حکومت نے یکساں سیول کوڈ کو لاگو کرنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ جب دہلی کے وزیر اعلی اور عآپ پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال سے اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی نیت خراب ہے۔ آئین کے آرٹیکل 44 میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ یکساں سیول کوڈ کو نافذ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، پھر حکومت کو یکساں سیول کوڈ بنانا چاہیے اور یہ کوڈ ایسا بنایا جائے جس میں تمام برادریوں کی رضامندی شامل ہو۔کجریوال نے کہا کہ بی جے پی نے کیا کیا، اتراکھنڈ الیکشن سے پہلے ایک کمیٹی بنا دی۔ اتراکھنڈ الیکشن جیتنے کے بعد اب وہ کمیٹی اپنے گھر چلی گئی ہے۔ اب گجرات انتخابات سے 3 روز قبل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، اب وہ بھی انتخابات کے بعد اپنے گھر جائے گی۔ مدھیہ پردیش میں کیوں نہیں، اتر پردیش میں کیوں نہیں، اگر ان کا ارادہ یکساں سیول کوڈ کو نافذ کرنا ہے، تو ملک بھر کیلئے کمیٹی تشکیل کیوں نہیں دیتے۔ یا پھر لوک سبھا انتخابات کا انتظار کر رہے ہیں؟ ۔گجرات حکومت نے یونیفارم سیول کوڈ کو نافذ کرنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دینے کے فیصلے کے بارے میں گزشتہ روز مطلع کیا۔ ہفتہ کو ریاستی کابینہ کی میٹنگ کے دوران کمیٹی کی تشکیل کی تجویز کو منظوری دی گئی۔ یہ بھوپیندر پٹیل کی قیادت والی کابینہ کی آخری میٹنگ سمجھی جاتی ہے کیونکہ ریاستی انتخابات کے شیڈول کا اعلان اگلے ہفتے متوقع ہے۔ اس فیصلے کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے گجرات کے وزیر مملکت برائے داخلہ ہرش سنگھوی اور مرکزی وزیر پرشوتم روپالا نے بتایا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ سے قبل کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔