گورنر سے بل کی منظوری کا انتظار، آرٹس کالج میں ٹیچرس اسوسی ایشن سے ونود کمار کا خطاب
حیدرآباد۔/28 فروری، ( سیاست نیوز) نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے کہا کہ یونیورسٹیز میں تقررات سے متعلق بل گذشتہ پانچ ماہ سے گورنر سوندرا راجن کی منظوری کا منتظر ہے۔ تقررات کیلئے کامن ریکروٹمنٹ بورڈ کی منظوری کے ساتھ ہی ریاست کی تمام یونیورسٹیز میں 1062 ٹیچنگ جائیدادوں پر فوری تقررات کئے جائیں گے۔ عثمانیہ یونیورسٹی کے آرٹس کالج میں آج یونیورسٹی ٹیچرس اسوسی ایشن کے زیر اہتمام اجلاس منعقد ہوا جس میں ریاست کی 11 یونیورسٹیز سے تعلق رکھنے والے ٹیچرس اور پروفیسرس نے شرکت کی۔ اجلاس میں ریاستی یونیورسٹیز کو درپیش مسائل اور خاص طور پر تدریسی اسٹاف کی قلت کا جائزہ لیا گیا۔ بی ونود کمار نے کہا کہ اسمبلی اور کونسل میں کامن ریکروٹمنٹ بورڈ بل کو منظوری دی گئی اور گذشتہ پانچ ماہ سے گورنر کے پاس زیر التواء ہے۔ حکومت بل کی منظوری کے فوری بعد تقررات عمل میں لائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت مخلوعہ جائیدادوں کے علاوہ مزید 1000 ٹیچرس کی جائیدادوں کی منظوری کا منصوبہ رکھتی ہے تاکہ یونیورسٹیز میں تعلیم متاثر نہ ہو۔ ونود کمار نے عثمانیہ یونیورسٹی اور دیگر یونیورسٹیز میں درپیش مسائل سے حکومت کو واقف کرانے کا تیقن دیا۔ ٹیچرس اسوسی ایشن کے نائب صدر پروفیسر جی ملیشم نے اجلاس کی صدارت کی۔ر