یونیورسٹیز میں معیاری تعلیم کو یقینی بنانے وائس چانسلرس کو گورنر کا مشورہ

   

ہر تین ماہ میں جائزہ اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد۔/23اکٹوبر، ( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ جشنو دیو ورما نے تلنگانہ کی 9 یونیورسٹیز کے نئے وائس چانسلرس کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں اسٹیٹ کونسل آف ہائیر ایجوکیشن کے صدرنشین اور نائب صدرنشین بھی شریک تھے۔ گورنر نے کہا کہ وائس چانسلرس دراصل کشتی کے کپتان کی طرح ہوتے ہیں اور تلنگانہ میں اعلیٰ تعلیم کے مستقبل کو طئے کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔ گورنر نے نئے وائس چانسلرس پر زور دیا کہ وہ حکومت کی توقعات پر پورا اتریں اور اپنی یونیورسٹیز کو معیاری تعلیم کی فراہمی اور ریسرچ کے شعبہ میں پیشرفت کو یقینی بنائیں۔ گورنر نے نئے وائس چانسلرس کو ان کی ذمہ داریوں کی تکمیل کے سلسلہ میں نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ گورنر نے کہا کہ وائس چانسلرس کے ساتھ ہر تین ماہ میں جائزہ اجلاس منعقد کئے جائیں گے اور یونیورسٹیز میں تعلیمی ترقی اور ریسرچ کے شعبہ میں نئی تحقیقات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس موقع پر گورنر کے پرنسپل سکریٹری بی وینکٹیشم، جائنٹ سکریٹری جے بھوانی شنکر اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔1