یونیورسٹیز کو عصری اور اڈوانسڈ کورسیس متعارف کرنے ریونت ریڈی کا مشورہ

   

وائس چانسلر کے ساتھ اجلاس، نئی تعلیمی پالیسی کیلئے ایجوکیشن کمیشن سے چیف منسٹر کی مشاورت
حیدرآباد 6 اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ریاست کی یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے یونیورسٹیز میں ازکار رفتہ کورسیس کے بجائے عصری اور اڈوانسڈ کورسیس متعارف کرنے کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ سرکاری یونیورسٹیز کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ ہوکر طلبہ کو مسابقتی دوڑ میں مکمل رہنمائی کرنی چاہئے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ایسے اڈوانس کورسیس متعارف کئے جائیں جن کے ذریعہ نوجوان بہتر روزگار حاصل کرسکیں۔ چیف منسٹر نے وائس چانسلرس کو ہدایت دی کہ وہ یونیورسٹیز کی ضرورتوں پر تفصیلی رپورٹ پیش کریں جس میں فنڈس، عمارتوں اور ٹیچنگ اسٹاف کے تقررات جیسے مسائل شامل رہیں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ یونیورسٹیز کو تعلیمی اداروں کے مضبوط قلعہ میں تبدیل کیا جائے اور نوجوانوں کی بہتر رہنمائی کی جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ تمام سرکاری یونیورسٹیز کو مشترکہ طور پر منصوبہ بندی کرنی چاہئے تاکہ طلبہ کو خانگی یونیورسٹیز کی مسابقت کے قابل بنایا جاسکے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت غریب طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے اور اِسی مقصد کے تحت انٹگریٹیڈ اقامتی اسکولس قائم کئے جارہے ہیں۔ وائس چانسلرس نے چیف منسٹر کو واقف کرایا کہ بیشتر یونیورسٹیز میں پروفیسرس کی کمی ہے اور عمارتوں اور دیگر سہولتوں میں اضافہ کی ضرورت ہے۔ چیف منسٹر نے ضروری فنڈس جاری کرنے کا تیقن دیا۔ اُنھوں نے وائس چانسلرس کو مشورہ دیا کہ وہ آپس میں اجلاس منعقد کرتے ہوئے ضرورتوں کی تکمیل پر مشترکہ لائحہ عمل طے کریں۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ علیحدہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے کمیشن کو ہدایت دی کہ ریاست میں ایک بہتر تعلیمی نظام کو متعارف کرنے کے لئے تجاویز پیش کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست کی نئی تعلیمی پالیسی عصری تقاضوں سے ہم آہنگ ہونی چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ ایجوکیشن کمیشن کے قیام کا مقصد ریاست میں تعلیمی شعبہ میں اصلاحات کو متعارف کرنا ہے۔ ایجوکیشن کمیشن کے صدرنشین اے مرلی نے مختلف ریاستوں کے دورہ سے حاصل تجربات بیان کئے اور کہاکہ ریاستوں کے ایکشن پلان کو پیش نظر رکھتے ہوئے تلنگانہ میں تعلیمی منصوبہ بندی کی جائے گی۔ ڈاکٹر جئے پرکاش نارائن اور دیگر ماہرین تعلیم نے تجاویز پیش کیں۔ اجلاس میں چیف منسٹر کے مشیر نریندر ریڈی، حکومت کے مشیران ڈاکٹر کے کیشو راؤ، سرینواس راجو، چیف منسٹر کے سکریٹری مانک راج، سکریٹری محکمہ تعلیم یوگیتا رانا، ڈائرکٹر پرائمری ایجوکیشن نرسمہا ریڈی اور دوسروں نے شرکت کی۔1