یونیورسٹیز کو معیاری تعلیم کے مراکز میں تبدیل کیا جائے

   

مہاتما گاندھی یونیورسٹی میں گورنر کا خطاب، مختلف پروگراموں میں شرکت
حیدرآباد۔7 ۔اکتوبر (سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے یونیورسٹیز میں معیاری اعلیٰ تعلیم کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ نئے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوتے ہوئے یونیورسٹیز کو عصری کورسس کا آغاز کرنا چاہئے ۔ گورنر آج نلگنڈہ میں مہاتما گاندھی یونیورسٹی کی اگزیکیٹیو کونسل اور اکیڈیمک ایڈمنسٹریٹرس سے خطاب کر رہی تھیں۔ گورنر جوکہ اسٹیٹ یونیورسٹیز کی چانسلر ہیں، یونیورسٹیز کی کارکردگی کا جائیزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے مرحلہ میں مہاتما گاندھی یونیورسٹی سے گورنر کے دورہ کا آغاز ہوا۔ گورنر نے کہا کہ دنیا بھر میں جاری مسابقت سے نمٹنے کیلئے ہمارے طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کی جائے۔ گورنر نے یونیورسٹیز میں عالمی معیار کی تعلیمی اور ریسرچ سہولتوں کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ مسابقت کے اس دور میں طلبہ کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔ گورنر نے اکیڈیمک ایڈمنسٹریٹرس سے خواہش کی کہ معیاری اور عصری تقاضوں سے آراستہ تعلیم پر توجہ مبذول کریں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز کو اعلیٰ تعلیم کے سنٹر آف اکسیلنس میں تبدیل کرنے کیلئے ہر کسی کو اپنا رول ادا کرنا چاہئے۔ گورنر نے یونیورسٹی کے سابق طلبہ سے خواہش کی کہ وہ یونیورسٹی کی ترقی میں تعاون کریں۔ گورنر نے مہاتما گاندھی کے مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی۔ انہوں نے آئی آر سی ایس ہال کا افتتاح کیا ۔ گورنر نے ریڈ کراس سوسائٹی نلگنڈہ کی عمارت کا دورہ کرتے ہوئے سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا آغاز کیا۔ گورنر نے نلگنڈہ کی مشہور مندر میں خصوصی پوجا کی۔ انہوں نے مندر کی تاریخی عمارت میں دلچسپی ظاہر کی اور کہا کہ نلگنڈہ میں اس طرح کی عظیم عمارت کے بارے میں جان کر خوشی ہوئی ہے۔ اس موقع پر ارکان پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے علاوہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ ر