یونیورسٹیز کی مخلوعہ جائیدادوں پر عنقریب تقررات

   

مرکزی حکومت دستور ہند میں ترمیم میں مصروف ، ہریش راؤ
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے عنقریب عثمانیہ یونیورسٹی کے بشمول دیگر یونیورسٹیز کے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کرنے کا اعلان کیا ۔ اسمبلی میں بجٹ مباحث کے دوران ہریش راؤ نے کہا کہ عثمانیہ یونیورسٹی کے علاوہ دوسرے یونیورسٹیز کے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے لیے اعلامیہ جاری کیا گیا ۔ امتحانات اور انٹرویوز مکمل ہونے کے بعد نتائج کی اجرائی سے قبل چند افراد سپریم کورٹ سے رجوع ہوئے حکم التواء جاری ہونے کی وجہ سے تقررات کا عمل رک گیا ۔ اس حکم التواء احکامات کی وجہ سے ملک کی مختلف یونیورسٹیز میں تقررات نہیں ہوئے یہ مسئلہ مرکزی حکومت سے بھی رجوع ہوا ہے ۔ یونیورسٹیز میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کو یقینی بنانے کے لیے مرکز دستور میں ترمیم کررہی ہے ۔ ترمیمات کا عمل مکمل ہوتے ہی یونیورسٹیز میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا آغاز ہوجائے گا ۔ بیروزگار نوجوانوں کو تشویش میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد سے تاحال ایک لاکھ 34 ہزار جائیدادوں پر تقررات کیے گئے ہیں ۔۔