70 فیصد جائیدادیں مخلوعہ ، چار سال قبل 1061 جائیدادوں پر تقررات کیلئے جی او کی اجرائی ، عمل صفر
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : یونیورسٹیز میں تدریسی عملہ کی طویل عرصہ سے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات نہ ہونے کی وجہ سے یونیورسٹیز میں تعلیمی بحران پیدا ہوگیا ہے ۔ جس کی وجہ سے یونیورسٹیز کے کئی شعبہ بند ہونے کے قریب پہونچ گئے ہیں ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد ایک بھی پروفیسر کے جائیداد پر تقرر نہیں ہوا ہے ۔ اس طرح یونیورسٹیز میں تدریسی عملہ کی ماضی میں کبھی مخلوعہ جائیدادیں نہیں تھیں ۔ یونیورسٹیز میں تدریسی کے 1061 جائیدادوں پر تقررات کے لیے احکامات جاری ہوئے تھے ۔ جس پر آج تک تقررات نہیں ہوئے ۔ گذشتہ 10 سال سے جو مخلوعہ جائیدادیں ہیں اس پر تقررات نہیں ہورہے ہیں ۔ جس سے چند یونیورسٹیز میں پروفیسرس کی قلت پیدا ہوگئی ۔ یونیورسٹیز میں پروفیسرس اور اسسٹنٹ پروفیسرس دستیاب نہ ہونے کا طلبہ کی تعلیم پر بہت زیادہ اثر پڑرہا ہے ۔ اس معاملے میں حکومت کی خاموشی پر تنقیدیں ہورہی ہیں ۔ دوسری طرف عمر بڑھنے سے طلبہ میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔ ایک اندازے کے مطابق تلنگانہ کے 11 یونیورسٹیز میں پروفیسرس اور اسسٹنٹ پروفیسرس کی 2 ہزار سے زائد جائیدادیں مخلوعہ ہیں یونیورسٹیز میں 3 ہزار سے زائد جائیدادیں ہیں جن میں 70 فیصد جائیدادیں مخلوعہ ہیں ۔ ان جائیدادوں پر مرحلہ واری اساس پر تقررات کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے ۔ جس کے تحت پہلے مرحلے میں 1061 پروفیسرس اسسٹنٹ پروفیسرس کی جائیدادوں پر تقررات کے لیے سال 2017 میں جی او نمبر 34 جاری کیا گیا تھا ۔ ان احکامات پر ابھی تک عمل آوری نہیں ہوئی ۔ ان تقررات میں کوئی رکاوٹیں نہیں ۔ دوسری طرف ریٹائرڈ ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے کئی شعبہ بند ہونے کے قریب پہونچ گئے ہیں ۔ ان میں زیر تعلیم طلبہ دوسرے شعبوں میں تبدیل ہورہے ہیں ۔ ماضی میں اسسٹنٹ پروفیسرس کی جائیدادوں پر متعلقہ یونیورسٹیز ہی کو تقررات کرنے کا اختیاری نظام تھا ۔ تقررات کے لیے کوئی تحریری امتحان نہیں تھا ۔ اس نظام میں تقررات کے دوران شفافیت نہ ہونے کے الزامات کے بعد یو جی سی نے امیدوار کا پی ایچ ڈی ہونے کو لازمی قرار دیا ۔ کامن انٹرنس امتحانات کے ذریعہ تقررات کرنے کی ہدایت دی ۔ مرکز اور یو جی سی کے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط کی روشنی میں تلنگانہ ہائیر ایجوکیشن کونسل نے حکومت کو چند تجاویز روانہ کی ۔ اسسٹنٹ پروفیسرس کا کامن انٹرنس ٹسٹ کا انعقاد کرنے کی تجویز پیش کی ۔ یہ امتحان کونسے سطح پر منعقد کیا جائے ۔ مخلوعہ جائیدادوں کے نظام پر تین تجاویز پیش کی جس پر حکومت نے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا ۔ جس پر مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا عمل روکا ہوا ہے ۔۔ ن