یونیورسٹیز کے ٹیچنگ اسٹاف کے تقررات کا عنقریب فیصلہ:سبیتا اندرا ریڈی

   

فیکلٹیز کی سبکدوشی کی عمر میں اضافہ زیر غور، یونیورسٹیز کو عنقریب گرانٹ کی اجرائی
حیدرآباد۔7 ۔اکتوبر (سیاست نیوز) وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ ریاستی یونیورسٹیز میں ٹیچنگ اسٹاف اور فیکلٹیز کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں حکومت عنقریب فیصلہ کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز کے ٹیچنگ فیلکٹیز کی وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر میں اضافہ کی تجویز حکومت کے زیر غور ہے اور عنقریب اس سلسلہ میں فیصلہ کیا جائے گا ۔ تلنگانہ قانون ساز کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران یونیورسٹی کے ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کے مسائل پر ارکان کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیر تعلیم نے بتایا کہ پروفیسرس اور اسسٹنٹ پروفیسرس کو پنشن کی اجرائی کا سلسلہ جاری ہے۔ 3350 پروفیسرس اور اسسٹنٹ پروفیسرس کو پنشن کی اجرائی مکمل ہوچکی ہے۔ باقی افراد کے سلسلہ میں یونیورسٹیز نے حکومت سے گرانٹ جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کے پاس اس مسئلہ کو پیش کرتے ہوئے جلد ہی گرانٹ کی اجرائی عمل میں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے احکامات جاری کئے گئے تھے لیکن بعض قانونی رکاوٹوں کے سبب یہ معاملہ زیر التواء ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقررات کے طریقہ کار کے بارے میں کونسل فار ہائیر ایجوکیشن سے مشاورت کی گئی ہے ۔ تقررات کا اختیار یونیورسٹی کو دیا جائے یا پھر علحدہ رکروٹمنٹ بورڈ تشکیل دیا جائے، اس کا فیصلہ باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں میں کسی ایک طریقہ کار کو عنقریب قطعیت دی جائے گی۔ وزیر تعلیم نے بتایا کہ طلبہ کی تعلیم کو متاثر ہونے سے بچانے کیلئے کنٹراکٹ لکچررس کے ذریعہ تعلیم کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی یونیورسٹیز کے فیکلٹیز کی وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر کا معاملہ حکومت زیر غور ہیں اور اس بارے میں جلد فیصلہ کیا جائے گا ۔ ٹی جیون ریڈی ، نرسی ریڈی ، وانی دیوی اور امین الحسن جعفری نے یونیورسٹیز کے ٹیچنگ اسٹاف کے مسائل پیش کئے ۔ امین الحسن جعفری نے کہا کہ ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن کے تحت میڈیکل کالجس میں فیکلٹیز کی وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر 65 سال کی گئی ہے۔ اسٹیٹ یونیورسٹیز میں طویل عرصہ سے یہ مطالبہ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یونیورسٹیز کے نان ٹیچنگ اسٹاف اور سرکاری ملازمین کی سبکدوشی کی عمر میں 61 سال تک اضافہ کیا گیا ۔ ٹیچنگ اسٹاف کیلئے بھی حکومت جلد فیصلہ کرے۔ر