یونیورسٹیز کے کنٹراکٹ اسسٹنٹ پروفیسرس و اکیڈیمک کنسلٹنٹس کو اقل ترین پے اسکیل کی ہدایت

   

تلنگانہ ہائی کورٹ میں متعدد درخواستیں ، جسٹس ابھینند شاولی کے عبوری احکامات
حیدرآباد :۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے ریاست کی تین یونیورسٹیز اور حکومت کو ہدایت دی ہے کہ یونیورسٹیز میں اسسٹنٹ پروفیسرس، اکیڈیمک کنسلٹنٹ ، کنٹراکٹ میعادوں پر خدمات انجام دینے والے اکیڈیمک اسوسی ایٹس اور اکیڈیمکس اسسٹنٹس کو اقل ترین پے اسکیل کے تحت تنخواہیں ادا کی جائیں ۔ جسٹس ابھینند شاولی نے 24 مختلف درخواست گذاروں کی جانب سے دائرہ کردہ رٹ پٹیشن کو سماعت کے لیے قبول کرتے ہوئے عبوری احکامات جاری کئے ۔ عدالت نے پالمور یونیورسٹی ، مہاتما گاندھی یونیورسٹی اور شاتاواہنا یونیورسٹی کے رجسٹرار اور پرنسپال سکریٹری محکمہ تعلیم کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا ہے ۔ مقدمہ کی آئندہ سماعت 4 ہفتہ بعد مقرر کی گئی ہے ۔ درخواست گذاروں نے شکایت کی یونیورسٹیز کی جانب سے جی او ایم ایس نمبر (11) مورخہ 18 اپریل 2018 پر عمل آوری نہیں کی جارہی ہے ۔ اکیڈیمک کنسلٹنٹس اور اسسٹنٹ پروفیسرس ، اکیڈیمک اسوسی ایٹس ، اکیڈیمک اسسٹنٹس جو کنٹراکٹ کی بنیاد پر خدمات انجام دے رہے ہیں انہیں جی او ایم ایس نمبر ( 11 ) کے تحت بقایا جات کے ساتھ تنخواہیں ادا جائیں ۔ عدالت نے سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں اقل ترین ٹائم اسکیل ادا کرنے کی ہدایت دی ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ کی تمام یونیورسٹیز بشمول ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی میں کنٹراکٹ اسسٹنٹ پروفیسرس اور اکیڈیمک کنسلٹنٹ اکیڈیمک اسوسی ایٹ اور اکیڈیمک اسسٹنٹس کو بھی تنخواہوں کی ادائیگی کے معاملہ میں نا انصافی کی شکایات ہیں ۔۔