حیدرآباد 28 ستمبر ( این ایس ایس ) اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا کی قیادت والے اتحاد نے حیدرآباد یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کے انتخابات میں تمام عہدوں پر کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ یہ انتخابات 2019-20 کیلئے ہوئے ۔ ایس ایف آئی قیادت والے اتحاد نے اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد سے اقتدار واپس چھین لیا ہے ۔ ایس ایف آئی یونیورسٹی آف حیدرآباد یونٹ کے ابھیشیک نندن کو طلبا تنظیم کا صدر منتخب کرلیا گیا ۔ انہیں 2,205 ووٹ حاصل ہوئے جبکہ ڈی ایس یو کے ایم سری چرن کو نائب صدر اور اے ایس اے کے گوپی سوامی کو جنرل سکریٹری منتخب کرلیا گیا ۔ جملہ 4,200 طلبا نے رائے دہی میں حصہ لیا تھا جو جمعرات کو ہوئی تھی ۔ راتھوڑ پردیش ٹی ایس ایف کو جوائنٹ سکریٹری ‘ پرینکا بدرا شٹی اے ایس اے کو کلچر سکریٹری اور ایس ایف آئی کے سہیل احمد کو اسپورٹس سکریٹری منتخب کرلیا گیا ہے ۔ گذشتہ سال اے بی وی پی نے تمام عہدوں پر کامیابی حاصل کی تھی ۔