یونیورسٹی آف حیدرآباد کی اسٹوڈنٹ یونین تحلیل

   

وائس چانسلر کے احکامات ، یونین کا اعتراض ، اے بی وی پی کا انتخابات کروانے کا دباؤ
حیدرآباد۔10۔ ستمبر ۔(سیاست نیوز) یونیورسٹی آف حیدرآباد کی اسٹوڈنٹ یونین کی معیاد کی تکمیل سے قبل یونین کو وائس چانسلر کی جانب سے تحلیل کئے جانے کے احکام کی اجرائی کے بعد یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں کی جانب سے احتجاج کا آغاز ہوگیاہے۔ یونیورسٹی آف حیدرآباد میں موجود اسٹوڈنٹ یونین کے انتخابات کے لئے جاری کئے گئے اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی نگرانی میں اسٹوڈنٹ یونین 2025-26 کے لئے انتخابات کا انعقاد عمل میں لایاجائے گا اور ان انتخابات کے لئے تیاریوں کا آغاز کردیاگیا ہے۔ وائس چانسلر کی جانب سے جاری کئے گئے احکام کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی کی طلبہ تنظیم اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد کے ماسواء تمام طلبہ تنظیموں کی جانب سے مخالفت کی جا رہی ہے اور کہا جار ہاہے کہ موجودہ یونین جو کہ 2024-25 کے لئے منتخب ہوئی تھی اس نے جو کام شروع کئے ہیں ان کی تکمیل تک اسے برقرار رکھا جانا چاہئے ۔ طلبہ تنظیموں کے ذمہ داروں نے بتایا کہ گذشتہ دنوں یونیورسٹی آف حیدرآباد طلبہ تنظیم کے ذمہ داروں نے ڈین آف اسٹوڈنٹ ویلفیر کے ہمراہ منعقدہ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ یونیورسٹی آف حیدرآباد میں منعقد ہونے والے یونین کے انتخابات کو منعقد کرنے کے بجائے موجودہ یونین کو اپنے منصوبوں کی تکمیل کے لئے وقت دیا جائے اور اس کے بعد ہی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے ۔طلبہ تنظیموں کی ڈین آف اسٹوڈنٹ ویلفیر کے ساتھ ہوئی اس ملاقات کے دوران تمام طلبہ تنظیموں نے اس بات سے اتفاق کیا تھا لیکن اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد نے اس معاملہ میں مخالفت کرتے ہوئے انتخابات کے انعقاد کی راہ ہموار کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف حیدرآباد کی جانب سے یونین کو تحلیل کئے جانے کے فیصلہ کو طلبہ تنظیموں نے طلبہ کے مفادات کی مخالفت اور مخصوص نظریات کی حمایت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی میں وائس چانسلر کے اس فیصلہ کی شدت سے مخالفت کرتے ہوئے احتجاج کیا جائے گا۔3
اردو تعلیمی کلاسیس
حیدرآباد ۔ 10 ۔ ستمبر : ( راست ) : عابد علی خاں ایجوکیشنل ٹرسٹ ( ادارہ سیاست ) کے زیر اہتمام ادارہ ادبیات اردو پنجہ گٹہ کے اردو دانی ، زبان دانی اور انشاء کی تعلیم و امتحانات کا نظم جامعہ دارالہدیٰ ہائی اسکول جل پلی بالا پور کے علاوہ ازیں مرکز ذکریٰ مکتب بالاپور پر اردو تعلیمی کلاسیس جاری ہیں۔ جہاں سینکڑوں طلباء وطالبات زیر تعلیم ہیں ۔ اطراف و اکناف میں رہنے والے طلبہ بھی شریک امتحان ہوسکتے ہیں ۔ کسی قسم کی فیس نہیں ہے کامیابی پر سند دی جائے گی۔ فری تعلیم کا نظم ہے ۔ سیل نمبر 8019012629 پر ربط کریں ۔۔