حیدرآباد۔ یونیورسٹی آف حیدرآباد کے طلبہ نے ایک روزہ بھوک ہڑتال کے ذریعہ نئی دہلی میں احتجاج کرنے والے کسانوں کی تائید کا اعلان کیا ہے۔ اسٹوڈنٹ فیڈریشن آف انڈیا کی قیادت میں بھوک ہڑتال کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے تینوں زرعی قوانین سے دستبرداری کا مطالبہ کیا گیا۔ طلبہ نے مرکزی حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور حالیہ احتجاج میں گرفتار کئے گئے کسانوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ احتجاجی طلبہ مقدمات سے دستبرداری اور احتجاجیوں کے خلاف پولیس کارروائیوں کی مذمت کررہے تھے۔ انہوں نے اپنے مطالبات پر مبنی پوسٹرس اور پلے کارڈز تیار کئے تھے۔ یونیورسٹی آف حیدرآباد اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے سکریٹری نے کہا کہ کسان اپنے مطالبات کے حق میں تاریخی نوعیت کا احتجاج کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسانوں کے مطالبات سے اظہار یگانگت کرتے ہوئے ان کی جدوجہد میں برابر کے شریک ہیں۔ مرکزی حکومت نے احتجاج کے آغاز کے بعد سے اب تک ہزاروں کسانوں کو جیلوں میں بند کردیا ہے۔