یونیورسٹی آف ورجینیا کے صدر بھی مستعفی

   

واشنگٹن ۔ 28 جون (ایجنسیز) امریکہ کی وفاقی حکومت کے دباؤ پر یونیورسٹی آف ورجینیا کے صدر جیمز رائن کو عہدہ سے استعفیٰ دینا پڑگیا۔ جیمز رائن نے یونیورسٹی آف ورجینیا کی کمیونٹی کے نام پیغام میں کہا کہ وہ انتہائی بوجھل دل کے ساتھ آگاہ کر رہے ہیں کہ انہوں نے بطور یونیورسٹی صدر استعفیٰ دیدیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ جس بات پر یقین رکھتے ہیں اس کے لیے اٹھ کھڑے ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ رائن سات برس سے یونیورسٹی کے صدر تھے تاہم ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے تنوع، مساوات اور شمولیت سے متعلق پالیسی کی مخالفت کے سبب انہیں شدید دباؤ کا سامنا تھا اور محکمہ انصاف نے رائن کوخط بھیج کر معاملہ پر وضاحت طلب کی تھی۔ رائن سے پہلے کولمبیا یونیورسٹی کے عبوری صدر کو بھی عہدہ چھوڑنا پڑا تھا۔ رائن نے کہا کہ انہوں نے استعفیٰ وفاقی فنڈنگ جاری رہنے، سیکڑوں ملازمتیں برقرار رہنے اور سیکڑوں طلبہ کو اقتصادی مدد اور ویزا اسٹیٹس جاری رہنے کی خاطر دیا۔