یوٹی عبدالقادرکرناٹک اسمبلی اسپیکر کے عہدہ پر فائز ہونے والے پہلے مسلم

   

بنگلورو: کانگریس کے رکن اسمبلی یو ٹی عبدالقادر کرناٹک قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر ہوں گے۔ یو ٹی عبدالقادر 5 مرتبہ رکن اسمبلی رہ چکے ہیں۔ وہ گزشتہ اسمبلی میں اپوزیشن کے نائب لیڈر تھے۔ اس کے علاوہ وہ 2013 کی سدارامیا حکومت اور پھر 2018 کی کانگریس۔جے ڈی ایس حکومت میں وہ کابینی وزیر رہ چکے ہیں۔کرناٹک قانون ساز اسمبلی کا تین روزہ اجلاس پیر کو نو منتخب اراکین اسمبلی کی حلف برداری کے ساتھ شروع ہوا، قادر نے منتخب ہونے کے بعد چہارشنبہ کو اپنا عہدہ سنبھالا۔ اس عہدہ پر فائز ہونے والے وہ پہلے مسلم لیڈرہیں۔اس اقدام کو کانگریس کے مسلمانوں کے تئیں اظہار تشکر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں مسلم ووٹروں نے کھل کر کانگریس کی حمایت کی ہے۔یاد رہے کرناٹک میں کانگریس اور بی جے پی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ تھا جس پر ملک کے عوام کی نظریں لگی ہوئی تھی اور یہ امید کی جارہی تھی کہ نتائج کانگریس کے ہی حق میں آئیں گے۔