یوپی:پہلے مرحلے کے انتخابات کیلئے سیکورٹی کے سخت انتظامات

   

لکھنؤ۔ 10 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں پہلے مرحلے کے تحت 11 اپریل کو ہونے والے انتخابات کے پیش نظر تمام ہی پولنگ بوتھوں پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ پہلے مرحلے کے تحت اترپردیش میں جن آٹھ سیٹوں پر انتخابات ہوں گے ان میں گوتم بدھ نگر، غازی آباد، باغپت، سہارنپور، میرٹھ، مظفر نگر، بجنور اور کیرانہ شامل ہیں۔پہلے مرحلے کے تحت مرکزی وزیر ڈاکتر مہیش شرما(گوتم بدھ نگر )، جنرل(ر) وی کے سنگھ(غازی آباد)، سابق پولیس کمشنر ممبئی ستپال سنگھ(باغپت)سابق وزیر و راشٹریہ لوک دل کے سربرا ہ چودھری اجیت سنگھ (مظفر نگر )، اور ان کے بیٹے جینت چودھری (باغپت ) سمیت 96 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ دوسرے معروف چہرے جن کے قسمت کا فیصلہ اس مرحلے میں ہوگا ان میں کانگریس امیدوار عمران مسعود( سہارنپور)، کانگریس امیدوار و سابق وزیر نسیم الدین صدیق(بجنور) اور بی ایس پی امیدوار حاجی یعقوب قریشی (میرٹھ) شامل ہیں۔ ریاستی پولیس نے 10 حساس اضلاع کی شناخت کرتے ہوئے وہاں پر ایک لاکھ پولیس اہلکار کو تعینات کیا ہے ۔جن پارلیمانی حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے وہاں پر سنٹرل فورسز فلیگ مارچ کرر ہی ہیں تاکہ ووٹرس میں اعتماد پیدا کیا جاسکے ۔ شراب کی دوکانیں ووٹنگ کے خاتمے تک بند رہیں گی جبکہ دہلی، ہریانہ، اتراکھنڈ کی سرحدوں کو بند کردیا گیا ہے ۔ تما م ہی پولنگ بوتھوں پر مسلح سیکورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے ۔ریاستی پولیس نے سنٹرل فورسز کی 157 کمپنیاں اور پی اے سی کی 35 کمپنیوں تعینات کی ہیں۔ ریاستی ڈائرکٹر جنرل(نظم ونسق) آنند کمار نے چہارشنبہ کو بتایا کہ پہلے مرحلے کے تحت 6717 پولنگ سنٹرس بنائے گئے ہیں۔
جن میں 1564 حساس ہیں جبکہ 730 پولنگ بوتھوں کو کافی حساس پولنگ بوتھوں کے زمرے میں رکھا گیا ہے جہاں پر سیکورٹی کے کافی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ جن آٹھ پالیمانی حلقوں پر ووٹنگ ہوگی ان کو 130 زون اور 1308سیکٹرس میں منقسم کیا گیا ہے ۔اور اسی کے مطابق سیکورٹی اہلکار کو تعینا ت کیا گیا ہے ۔سی پی ایم ایف اور پی اے سی کے ساتھ ریاستی پولیس نے 532 سب انسپکٹر، 5111 ہیڈکانسٹیبل، 29670 کانسٹیبل، 39088 ہوم گارڈس اور 5408 چوکیدار کو تعینات کیا ہے جو پرامن و صاف و شفاف الیکشن کے انعقاد میں اپنا تعاون پیش کریں گے ۔ پہلے مرحلے کے تحت 15065682 رائے دہندگان اپنی حق رائے دہی کا استعمال کریں گے جن میں سے 8224835 ووٹر مرد ہیں اور 6839833 خواتین رائے دہندگان کی تعداد ہے جبکہ تیسرے جنس کے ووٹروں کی تعداد1014 ہے ۔ پہلے مرحلے کے لئے 1618 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں اور 96 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ چیف الکٹورل افسر وینکٹیشور لو نے یو این آئی کو بتایا کہ بدھ کو پولنگ عملہ اپنے متعلقہ بوتھ پر پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔