یوپی اسمبلی الیکشن نہیں لڑوں گا: اکھلیش یادو

   

لکھنو : سماج وادی پارٹی کے صدرو سابق چیف منسٹر اکھلیش یادو نے کہا کہ وہ اتر پردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات نہیں لڑیں گے۔ اعظم گڑھ کے ایم پی اکھلیش یادو نے کہا کہ وہ چھوٹی پارٹیوں کے ساتھ اتحاد کر رہے ہیں۔ اکھلیش نے یہ بھی کہا کہ انتخابات کے لیے ان کی پارٹی اور راشٹریہ لوک دل کے درمیان اتحاد کے بعد سیٹوں پر آخری مرحلے میں بات چیت چل رہی ہے۔ انتخابات میں چاچا شیو پال یادو کی پرگتیشیل سماج وادی پارٹی لوہیا (پی ایس پی ایل) کو ساتھ لینے کے امکان پراکھلیش نے کہا کہ مجھے اس سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ اس سے پہلے ہردوئی میں اکھلیش یادو نے نوجوانوں کی سوچ کو نہ سمجھنے پر اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ پر طنز کیا اور کہا کہ آج کے دور میں وہ نوجوانوں کے مفاد اور اُن کی ضرورتوں کو کیسے سمجھیں گے جبکہ وہ لیاپ ٹاپ اور موبائل چلانا نہیں جانتے۔ یہاں سماج وادی وجے رتھ کے دوسرے مرحلے کے سفر کا آغاز کرتے ہوئے اکھلیش نے کہا کہ نوجوان اس ملک کا مستقبل ہیں اور صرف نوجوان ہی نوجوانوں کے ذہن کو سمجھ سکتے ہیں۔ انھوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اب تک تو ہم جانتے تھے کہ ہمارے وزیر اعلیٰ کو لیاپ ٹاپ چلانا نہیں آتا، لیکن ابھی ایک افسر نے بتایا کہ وہ موبائل بھی چلانا نہیں جانتے۔ ذرا سوچیں، آج کے دور میں جو موبائل اور لیاپ ٹاپ چلانے سے قاصر ہیں ، اُن کے بارے میں نوجوان کیا سمجھیں گے؟