لکھنو: آنے والے اسمبلی انتخابات 2022 میں پارٹی کو مضبوط کرنے کی کوشش کرر ہی بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے منگل کو حکمراں بی جے پی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں پر سخت حملہ کیا ہے۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ بی جے پی نے 2017 میں کئے گئے انتخابی وعدوں کا 50 فیصد بھی پورا نہیں کی۔اب جبکہ انتخابات قریب ہیں، افتتاح، سنگ بنیاد اور اعلانات محض دکھاوے کیلئے کیے جا رہے ہیں۔ مایاوتی یہیں نہیں رکیں، بلکہ انہوں نے کہا کہ بی جے پی جس مفت راشن کی بات کر رہی ہیں، انتخابات ختم ہوتے ہی وہ مفت راشن بھی بند ہو جائیں گے۔ بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ آج لوگوں کو دھوکہ دینے کا کام شروع ہو گیا ہے۔ لوگوں کو بی جے پی سے گمراہ نہیں ہونا چاہئے، ان کے قول و فعل میں بہت فرق ہے۔