یوپی اسمبلی میں 17,865کروڑ روپئے سے زیادہ کا عبوری بجٹ پیش

   

لکھنؤ: اترپردیش اسمبلی میں منگل کو مالی سال 2024-25 کا دوسرا عبوری بجٹ پیش کیا گیا۔ عبوری بجٹ کا حجم17ہزار865 کروڑ72 لاکھ روپئے ہے۔ وزیر مالیات سریش کھنہ نے اسمبلی میں بجٹ تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ سال کا دوسرا عبوری بجٹ اصل بجٹ کا 2.42فیصدی ہے ۔ اصل بجٹ سات لاکھ36ہزار 437.71کروڑ روپئے کا تھا۔ آج پیش کئے گئے عبوری بجٹ میں 790.49 کروڑ روپئے کے نئے تجاویز شامل کی گئی ہیں۔ ساتھ ہی اس میں مرکزی اسکیمات میں 422.56 کروڑ روپئے کا مرکزی حصہ بھی شامل ہے ۔ وزیر مالیات نے کہا کہ عبوری بجٹ کا مقصد ترقیاتی اسکیمات میں تیزی لانا اور مہاکمبھ2025 کو شاندار روپ دینا ہے ۔ ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ اور اس کے لئے عبوری بجٹ لانا حکومت کا آئینی حق ہے ۔انہوں نے کہا کہ عبوری بجٹ میں شامل رقم سے محکمہ توانائی، محکمہ پرائمری ایجوکیشن، محکمہ پنچایتی راج، محکمہ اطلاعات، محکمہ خاندانی بہبود، محکمہ مویشی پروری اور محکمہ میڈیکل سمیت دیگر کو ان کی ضرورت کے حساب سے بجٹ فراہم کیا جائے گا۔