یوپی الیکشن: پہلے مرحلہ میں60.17فیصد ووٹنگ

,

   

پرامن رائے دہی ‘ کوئی ناخوشگورا واقعہ نہیں‘ چیف الیکٹورل آفیسر کا دعویٰ

نئی دہلی ؍لکھنؤ:اتر پردیش اسمبلی انتخاب کیلئے آج پہلے مرحلہ کی پولنگ کے دوران دن بھر ہنگامے اور دھاندلیوں کی اطلاعات کے درمیان پرامن رائے دہی ہوئی ۔الیکشن کمیشن کے مطابق پہلے مرحلہ میں60.17فیصدپولنگ ریکارڈ کی گئی۔ اچھی بات یہ رہی کہ کوئی بڑا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ہے اور موصولہ اطلاعات کے مطابق ووٹنگ کا وقت ختم ہونے تک 60.17 فیصد رائے دہندوں نے اپنے حق کا استعمال کیا۔ سب سے زیادہ شاملی ضلع کی کیرانہ اسمبلی سیٹ پر ووٹ ڈالے گئے۔ دہلی سے ملحق غازی آباد ضلع میں سب سے کم ووٹنگ کی ہوئی۔ اس درمیان یوپی کے چیف الیکٹورل افسر نے پرامن ووٹنگ کا دعویٰ کرتے ہوئے کہیں بھی کسی طرح کے ناخوشگوار واقعہ سے انکار کیا۔ پہلے مرحلہ میں آج مغربی یوپی کے 11 اضلاع کی 58 اسمبلی سیٹوں کے لیے ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ لیکن صبح جیسے ہی ووٹنگ شروع ہوئی کئی مقامات سے ای وی ایم خراب ہونے اور دھاندلی کی شکایتیں آنے لگیں۔ کئی جگہوں سے ووٹنگ کے بائیکاٹ کی بھی خبریں آئیں۔ سماجوادی پارٹی لگاتار ٹوئٹ کر بوتھوں پر دھاندلی، ووٹروں کو روکنے، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور ای وی ایم خراب ہونے کی شکایتیں کرتی رہی۔ بہرحال، یوپی اسمبلی کی 403 سیٹوں پر سات مراحل میں انتخابی عمل انجام پائے گا۔ آج پہلے مرحلے میں 58 اسمبلی سیٹوں کے لیے ووٹنگ ہوئی۔ اس مرحلہ میں مجموعی طور پر 634 امیدوار میدان میں ہیں جن میں 73 خواتین ہیں۔ 11 اضلاع کے 10853 پولنگ مراکز میں سے 26027 پولنگ مراکز پر 2.28 کروڑ ووٹروں (ان میں سے 1.04 خواتین) نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔