یوپی انتخابات ،تمام 403 سیٹوں پر الیکشن لڑنے شیوسینا کا اعلان

   

ممبئی : شیوسینا نے اترپردیش اور گوا کے اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کردیا ۔ شیوسینا قائد سنجے راوت نے اعلان کیا تھا کہ ان کی پارٹی اترپردیش میں 100 نشستوں پر مقابلہ کرے گی لیکن لکھنؤ میں پارٹی کی علاقائی عاملہ کی اجلاس کے بعد شیوسینا نے کل یہ اعلان کیا کہ وہ اترپردیش اسمبلی کی تمام 403 نشستوں پر مقابلہ کرے گی۔ ریاست میں بی جے پی سے مقابلہ کرنے کیلئے شیوسینا تمام اسمبلی حلقوں میں اپنے امیدوار اتارے گی اور شیوسینا ریاست کے عوام کی آواز ہوگی۔ ہر اسمبلی حلقہ کیلئے کوآرڈینیٹر کا تقرر کیا گیا ہے۔ اترپردیش میں آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کیلئے تمام سیاسی جماعتیں متحرک ہوگئی ہیں۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی ریاست کے دو روزہ دورہ پر ہیں جہاں انہوں نے آج رائے بریلی میں اپنی مہم چلائی۔ بی جے پی کے صدر جے پی نڈا نے اپوزیشن جماعتوں سماج وادی پارٹی، بہوجن سماج پارٹی اور کانگریس کو چیلنج کیا کہ وہ ریاست میں اپنے دورحکومت کے کارناموں کونمایاں کریں۔