یوپی: بجنور میں طالبات حجاب پہننے پر کالج سے باہر

   

لکھنؤ: اتر پردیش سے تعصب پر مبنی ایک اور خبر آرہی ہے۔ بجنور کے جنتا انٹر کالج میں مسلم طالبات کے ساتھ پرنسپل نے تعصبانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے انہیں مبینہ طور پر اسکول سے باہر جانے کو کہہ دیا کیونکہ طالبات نے حجاب پہنا ہوا تھا۔ باحجاب طالبات کو کالج میں داخل ہونے سے منع کردیا اور اپنے والدین کو ساتھ لانے کیلئے کہا گیا۔طالبات نے الزام عائد کیا کہ پیر کی صبح کالج پرنسپل شیویندر پال سنگھ نے باحجاب لڑکیوں کو کالج سے واپس جانے کیلئے کہہ دیا اور اگلے روز والدین کو ساتھ لانے کیلئے کہا۔ اس پورے معاملہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ کالج پرنسپل نے طالبات سے کہا کہ وہ اسی وقت کالج میں داخل ہوسکتی ہیں جب وہ برقعہ اتار کر دوپٹہ ڈال لیں۔ اگر کوئی طالبہ باحجاب یا برقعہ میں کالج آتی ہے تو اسے گھر بھیج دیا جائے گا۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ضلع انتظامیہ حرکت میں آیا اور ڈسٹرکٹ انسپکٹر آف اسکول جئے کرن یادو نے کالج کا دورہ کیا ۔کچھ روز قبل سپریم کورٹ نے ممبئی کالج کے اسی طرح کے فیصلہ پر روک لگادی تھی۔ سپریم کورٹ نے حجاب پر پابندی کی سختی سے مخالفت کی تھی۔