لکھنؤ۔ اترپردیش میں بلاک پرمکھ کے لئے آج انتخابات ہوئے اور آج ہی نتائج کا اعلان کیا گیا۔ برسر اقتدار بی جے پی نے 635 عہدوں پر کامیابی حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے کہ جبکہ سماج وادی پارٹی کے امیدواروں نے 103 بلاک سطحوں پر کامیابی حاصل کی۔ دیگر نے 87 سطح سے عہدے حاصل کئے۔ ریاست میں 476 بلاک پنچایت پرمکھ کے لئے صبح 11 تا 3 بجے دن پولنگ ہوئی جس کے فوری بعد نتائج کا اعلان کیا گیا۔ تقریباً 349 امیدواروں کا جمعہ کو ہی بلا مقابلہ انتخاب کا اعلان کردیا گیا۔ انتخابات کے دوران بیشتر مقامات پر بی جے پی اور ایس پی کارکنوں کے درمیان تشدد کے واقعات پیش آئے اور ہجوم کو منتشر کرنے کے لئے پولیس کو طاقت کا استعمال کرنا پڑا۔ ایک خاتون پر حملہ کے واقعہ میں قومی کمیشن کی از خود کارروائی پر 6 پولیس والوں کو معطل کیا گیا جبکہ کانگریس قائد راہول گاندھی بھی اس واقعہ پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے خواتین کے ساتھ بدسلوکی کے پیش نظر یوگی حکومت پر شدید تنقید کی اور کہا ہے کہ ریاست میں افراتفری کا ماحول ہے ۔ گاندھی نے ہفتے کے روز ٹویٹ کیا کہ اتر پردیش میں تشدد کا نام تبدیل کرکے ماسٹراسٹروک رکھ دیا گیا ہے ۔